حیدرآباد ۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس حیدرآباد کی جانب سے سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ عدالت نے نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے 158 افراد کو جیل کی سزاء سنائی ہے جبکہ 26 جولائی کو ایک دن میں پولیس نے 70 افراد کے خلاف کارروائی کی جنہیں عدالت نے 8 تا 2 دن کی سزاء سنائی ہے۔ 12 تا 26 جولائی کے دوران کی گئی کارروائی میں ٹریفک پولیس حیدرآباد نے 2,483 افراد کے خلاف کارروائی کی اور 1,543 افراد کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ کو داخل کیا۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک وشوا پرساد کے مطابق 15 دن کے دوران کی گئی کارروائی میں 158 افراد کو سزاء سنائی گئی جبکہ صرف 26 جولائی کے دن کی کارروائی میں70 افراد کے خلاف عدالت نے فیصلہ سنایا اور 12 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کو منسوخ کردیا گیا اور جرمانوں کی شکل میں34 لاکھ 2 ہزار 300 روپئے عائد کئے گئے۔ عدالت نے ایک شہری کو 15 دن، 10 شہریوں کو 2 دن، ایک شہری کو 8 دن، 6 شہریوں کو 7 دن، 4 شہریوں کو 6 دن، 7 شہریوں کو 5 دن، 96 شہریوں کو 4 دن، 12 شہریوں کو 3 دن، 20 شہریوں کو 2 دن اور 9 شہریوں کو ایک دن کی سزاء سنائی جبکہ 5 شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کو 6 ماہ، 3 شہریوں کے 4 ماہ اور 4 شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کو تین ماہ کیلئے منسوخ کردیا۔ ٹریفک پولیس حیدرآباد کی جانب سے کی گئی کارروائی میں 82 فیصد موٹرسائیکل راں پائے جاتے ہیں جو نشہ کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے گئے۔ع