مہم میں شدت، ڈی سی پی ٹریفک محمد تاج الدین کا بیان
حیدرآباد : حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کیخلاف رچہ کونڈہ پولیس نے 3287 مقدمات درج کئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک محمد تاج الدین احمد نے کہا کہ شہر کے اطراف و اکناف علاقوں میں سڑک حادثات میں اچانک اضافہ کے نتیجہ میں ڈرنک اینڈ ڈرائیونگ مہم میں شدت پیدا کردی گئی تھی اور رچہ کونڈہ پولیس نے اب تک 3287 افراد کیخلاف مقدمات درج کئے ہیں جو حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے پائے گئے تھے ۔ مسٹر تاج الدین نے کہا کہ حالت نشہ میں پکڑے جانے والے افراد کیخلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی تھی اور کئی افراد کے ڈرائیونگ لائیسنس کو منسوخ کرنے کے علاوہ جیل اور مختلف قسم کی سزاء سنائی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے کیخلاف مہم جاری ہے اور کمپنیوں کے ملازمین اور سرکاری محکمہ جات کے ملازمین کو بھی آگاہ کیا جارہا ہے کہ وہ حالت نشہ میں گاڑی نہ چلائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مسٹر تاج الدین نے کہا کہ جشن سال نو کے موقع پر پولیس حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کیخلاف مزید شدت اختیار کرے گی اور جگہ جگہ پر چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے تلاشی لی جائے گی اور حالت نشہ میں پائے جانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شراب پی کر گاڑی نہ چلائیں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں ۔