چار اضلاع میں قدرتی نظاروں کا مشاہدہ کرنے سیاح بڑی تعداد میں امنڈ پڑے
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ہفتہ 10 دن سے جاری بارش کی وجہ سے کئی سیاحتی مقامات پر بہنے والے آبشار و جھرنوں سے سیاح بڑے پیمانے پر لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ پہاڑوں سے بہتے پانی کی نہروں کو دیکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر عوام سیاحتی مراکز کا دورہ کررہے ہیں ۔ ضلع ملگ کے وجیڈو منڈل کے حدود میں واقع چکوپلی جنگلاتی علاقے میں بگوتا آبشار کے پاس اتوار کے دن عوام بھاری تعداد میں پہونچے پہاڑوں سے بہنے والے جھرنے اور آبشاروں ، پارک اور قدرتی خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوئے ۔ ضلع نرمل کے خانہ پور ، کڈم منڈلوں میں گذشتہ تین دن سے زبردست بارش ہورہی ہے ۔ جس کی وجہ سے مقامی تالاب اور نہریں تقریبا لبریز ہوگئے ہیں ۔ اور ان خوبصورت مناظر اور بہتے ہوئے پانی کا نظارہ دیکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر سیاح پہونچ رہے ہیں ۔ ضلع محبوب نگر کے گڈور منڈل ستیانگرم کے مضافات میں کمولونچہ کے قریب واقع جنگلاتی علاقہ بھیمونی پدم آبشار سے بہتے ہوئے خوبصورت مناظر پیش کررہا ہے ۔ گذشتہ دو دن سے جاری زبردست بارش کی وجہ سے پہاڑوں سے ڈھل کر پانی نیچے گر رہا ہے ۔ اس خوبصورت مناظر کو دیکھنے کے لیے بھی عوام امنڈ پڑے ہیں ۔ ضلع کریم نگر کے سعیدہ پور منڈل میں حالیہ بارش کی وجہ سے راٹکل آبشار سیاحوں کو اپنی جانب راغب کررہا ہے ۔ ہفتہ اور اتوار کو ہونے والی زبردست بارش سے پانی کے بہاؤ میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ اس نظارہ کو دیکھنے کے لیے عوام بھاری تعداد میں پہونچ رہے ہیں ۔ ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے لنگا پور منڈل گذشتہ چند دن سے ہونے والی بارش کی وجہ سے آبشار قدرتی کا خوبصورت نظارہ پیش کررہا ہے جس کو دیکھنے کے لیے بھی عوام پہونچ رہے ہیں ۔۔