حامد اکمل کی خدمات ادب و صحافت کی تاریخ کا روشن باب

   

انجمن ترقی اردو گلبرگہ کا کارنامہ حیات ایوارڈ پیش،ممتاز صحافیوں کا خراج تحسین

گلبرگہ/12جنوری:( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ممتاز و معتبر صحافی مایہ ناز ادیب و شاعر جناب حامد اکمل مدیر روزنامہ ایقان ایکپرس گلبرگہ کو انجمن ترقی اردو گلبرگہ کا با وقار کارنامہ حیات ایوارڈ پیش کیا گیا۔انجمن ترقی اردو گلبرگہ کے خواجہ بندہ نواز ایوان اردو میں ایک یادگار تقریب منعقد ہوئی۔اردو کے200سالہ جشن کے ضمن میں حامد اکمل صاحب کی نصف صدی پر محیط صحافتی و ادبی خدمات کے اعتراف میں انھیں یہ اعزاز دیا گیا۔سینئیر صحافی ایم اے ماجد کالم نگار ادیب و شاعر محمد اعظم شاہد بنگلور نے حامد اکمل صاحب کی صحافتی وا دبی خدمات کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز مدیر ہفتہ روزہ گواہ حیدر آباد نے حامد اکمل کو نئی نسل کے لیے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچ پر چلنے کی راہ کیسی ہو، یہ جاننے کے لیے ہمیں حامد اکمل کی ایثار و قربانی سے تعبیر اور جستجو و جفا کشی کی زندگی کو دیکھنا ہو گا۔صدر انجمن ترقی اردو گلبرگہ پیر زادہ فہیم الدین نے تقریب کی صدارت کی ۔ ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن ترقی اردو گلبرگہ نے حامد اکمل صاحب کو انجمن کی جانب سے پیش کئے گئے سپاسنامہ کو پڑھا۔ڈاکٹر کوثر پر وین نے حامد اکمل کی شخصیت پر مضمون پیش کرتے ہوئے ان کی عوامی سماجی علمی ادبی خانگی زندگی کے دلچسپ واقعات بیان کیے۔ڈاکٹر حشمت فاتحہ خوانی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حامد اکمل صاحب کی صحافتی اور ادبی خدمات ایک سکہ کے دو رخ ہیں۔خواجہ پاشاہ انعا مدار نائب صدر نے مہمانان اور حامد اکمل صاحب کا تعارف اپنے مخصوص لب و لہجہ میں کراتے ہوئے سامعین پر اپنا گہرااثر چھوڑا۔شا ہ نواز شاہین نائب صدر انجمن نے ابتدائی تقریر میں حامد اکمل کی صحافتی، ادبی اور شعری خدمات کو گلبرگہ کے ادبی سرمایہ میں قیمتی اضافہ قرار دیا۔پہلا ایوارڈ ممتاز ادیب و نقاد پروفیسر حمید سہر وردی کو دیا گیا اوردوسرا ایوارڈ حامد اکمل کو دیا جا رہا ہے۔ کارروائی کا آغاز مظہر احمد گرمٹکالی کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔الحاج اسد علی انصاری، الیاس صابری شاہ آبادی نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔ڈاکٹر محمد افتخار الدین اخترمعتمد تنظیمی انجمن نے نہایت خوش اسلوبی اور برجستہ اشعار کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیئے۔آخر میں محمد مجیب احمد خازن نے شکریہ ادا کیا۔حامد اکمل صاحب کو انجمن کارنامہ حیات ایوارڈتفو یض ہونے پر مختلف اداروں، شخصیات اور ان کے محبان کی جانب سے بہ کثرت شالپوشی و گلپوشی کی گئی۔اس تقریب میں شہر کے ممتاز محبان اردو مسرز ساجد علی رنجولوی ضلعی کو آر ڈینیٹر کانگریس کمیٹی گلبرگہ ممتاز شاعر انجنئیر عبدالقدیر عرفان، ممتاز شاعر مقبول احمد نئیرشاہ آبادی ، معین الدین کلیانکر، ڈاکٹر محمد رفیق کملاپوری اور قاضی رضوان الرحمٰن صدیقی مشہود صدر بہمنی فائونڈیشن ، رحمٰٰن پٹیل نے بھی شرکت کی ۔