حاملہ خاتون کی خودسوزی

   

حسن آباد /20 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نویز ) حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے موضع ویراپور منڈل بیجنکی میں شوہر سے ہوئی معمولی سی لفظی جھڑپ و تکرار سے برہم ہوکر ایک 38 سالہ سنتوشا نامی گھریلو حاملہ خاتون کی خودسوزی کرلینے و برسر موقع فوت ہوجانے کی دلخراش واردات پیش آئی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ 6 ماہ کی حاملہ سنتوشا کی اپنی زچگی کے مسئلہ پر شوہر بھاسکر ریڈی سے تکرار و لفظی جھڑپ ہوگئی جس کے دوران شوہر نے اپنی بیوی کو جلکر مرجانے کی دہائی دی تھی جس کی وجہ سے شدید برہمہ و دلبرداشتہ ہو کر سنتوشا نے بھاری مقدار میں پٹرول اپنے جسم پر چھڑک کر کمرے کا دروازہ مقفل کرتے ہوئے اپنے آپ کو نذر آتش کرلیا ۔ چیخ و پکار پر پڑوسیوں نے بھاسکر کو مطلع و دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی تب تک وہ مکمل طور پر جھلس کر فوت ہوگئی تھی ۔ بیجنکی پولیس اس ضمن میں کیس درج کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے ۔