حجاب تنازعہ میں شدت ،مسلم فلم اداکارائوں کا حجاب پہننے کا عزم

   

بنگلورو : حجاب کے معاملے پر جہاں نام نہاد سیکولر ملک میں ہندو شدت پسندی کھل کر سامنے آرہی ہے وہیں ہندوستانی اداکارائوں کی طرف سے اسلام کی طرف پلٹنے اور حجاب و اسلامی شعائر کی پابندی کا عزم بھی سامنے آرہا ہے۔ ایک خبر کے مطابق رئیلیٹی شو بگ باس کی سابق شریک ٹی وی اداکارہ ماہ جبین صدیقی نے اسلام کے لیے شوبز چھوڑتے ہوئے ہمیشہ حجاب پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ سکون کی تلاش میں کیا اور اس سلسلے میں اداکارہ ثناخان کا شوبز چھوڑ کر اسلام کی طرف پلٹنا انہیں متاثر کرتا تھا۔ قبل ازیں فلم دنگل سے مشہور ہونے والی بالی وڈ کی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے حجاب تنازعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تحریری پیغام جاری کیا اور کہا کہ اسلام میں حجاب پہنا یا نہ پہننا اپنے ذاتی انتخاب پر مبنی نہیں ہے بلکہ یہ ایک فرض ہے، جب ایک عورت حجاب کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے رب کے احکامات بجا لارہی ہے اور اس نے خود کو اللہ کے سپرد کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بگ باس 11 کا حصہ بننے والی ماہ جبین صدیقی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے خدا کے بتائے ہوئے سیدھے اور سچے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ماہ جبین نے اپنے پیغام میں لکھا ’’میں یہ اس لیے لکھ رہی ہوں کہ میں 2 سال سے بہت پریشان تھی مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ ایسا کیا کروں جس سے مجھے سکون ملے۔ انسان جب گناہ کرتا ہے تو اس گناہ کی لذت تو تھوڑی دیر میں ختم ہوجاتی ہے لیکن اس کا گناہ قیامت تک رہتا ہے۔