حجاج کرام کے تین قافلوں کی واپسی، آج چار قافلوں کی آمد

,

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے حجاج کرام کی واپسی کا آج آغاز ہوگیا۔ مدینہ منورہ سے تین قافلے ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ مختلف اوقات میں حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے۔ تین قافلوں کے ذریعہ 1188 حجاج کرام وطن واپس ہوئے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس اور دوسروں نے حجاج کا استقبال کیا۔ شام 7 بجے پہنچنے والے حجاج کرام کے قافلے کا استقبال صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کیا۔ ایر انڈیا کی پروازیں مقررہ وقت سے چند گھنٹے تاخیر سے چل رہی ہے جس کے سبب نہ صرف حجاج کرام بلکہ ان کے استقبال کے لئے ایرپورٹ پر موجود رشتہ داروں اور دوست احباب کو انتظار کی زحمت سے گزرنا پڑا۔ حج ٹرمنل میں حجاج کرام کیلئے نماز گاہ اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی تھی۔ قافلوں کی آمد کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ رشتہ داروں اور دوست احباب نے حجاج کرام کی گلپوشی کی اور دعائیں لیں۔ حج ٹرمنل میں فی حاجی 5 لیٹر زم زم حوالے کیا گیا۔ حج والینٹرس نے حجاج کے لگیج کی منتقلی میں مدد کی ۔ کل اتوار کو مزید چار قافلے مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچیں گے ۔ پہلا قافلہ رات ایک بجکر 35 منٹ ، دوسرا رات 2 بجکر 5 منٹ اور تیسرا قافلہ دوپہر ایک بجکر 45 منٹ جبکہ چوتھا قافلہ رات 10 بجکر 30 منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے پانچ ریاستوں کے حجاج کرام روانہ ہوئے تھے ، جن میں تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو شامل ہیں۔ آندھراپردیش کے حجاج کرام کی واپسی 11 تا 14 ستمبر عمل میں آئے گی۔