حجاج کرام کے لئے انکم ٹیکس ریٹرن کی شرط پر تعطل برقرار

   

محمد محمود علی کی مختار عباس نقوی سے بات چیت، عنقریب احکامات کی اجرائی کا تیقن

حیدرآباد: حج 2019 ء کے حجاج کرام کیلئے انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کے مسئلہ پر مرکزی وزارت فینانس نے تاحال کوئی احکامات جاری نہیں کئے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے وزارت فینانس سے نمائندگی کی تھی کہ حجاج کرام کو انکم ٹیکس ریٹرن کے ادخال سے استثنیٰ دیا جائے۔ جرمانے کے بغیر انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 ڈسمبر ہے ، ایسے میں حجاج کرام کی بے چینی کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کیلئے انکم ٹیکس ریٹرن کی شرط عائد کرنا ناانصافی ہوگی۔ حج کیلئے زیادہ تر لوگ اپنی جمع پونجی خرچ کرتے ہیں اور غریب اور متوسط خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر ریٹرنس داخل کرنے کی شرط عائد کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سفر پر جانے والے افراد کو انکم ٹیکس ریٹرن سے استثنیٰ دیا جائے۔ سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکسس کی جانب سے اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کرتے ہوئے حجاج کرام کو استثنیٰ دیا جاسکتا ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے گزشتہ تین ماہ سے مسلسل نمائندگی کی ہے اور ترمیم شدہ فینانس بل پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور ماہرین قانونی کی رائے مرکزی حکومت کو روانہ کی ہے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ 2019 ء کے حجاج کرام میں نئی شرائط سے بے چینی پائی جاتی ہے۔ مختار عباس نقوی نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں وزارت فینانس سے بات چیت کریں گے ۔ محمود علی نے کہا کہ نہ صرف 2019 ء بلکہ آئندہ بھی حج کو جانے والے افراد کیلئے انکم ٹیکس ریٹرن سے مستقل طورپر استثنیٰ دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 31 ڈسمبر سے قبل وزارت فینانس احکامات جاری کرے گا۔ واضح رہے کہ مرکز نے فروری 2019 ء میں فینانس بل ترمیمات کے ذریعہ بیرون ملک سفر پر دو لاکھ سے زائد اخراجات کی صورت میں انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔ مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے جانے والے افراد کو کوئی استثنیٰ نہیں دیا گیا۔ اپریل 2019 ء میں نیا قانون وضع کیا گیا اور اگست 2019 ء میں حجاج کرام سعودی عرب روانہ ہوئے تھے ، لہذا وہ اس قانون کی زد میں ہیں۔ حجاج کرام کی اکثریت کا تعلق متوسط خاندانوں سے ہوتا ہے اور وہ انکم ٹیکس ریٹرن کے نام سے بھی واقف نہیں ۔ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو انکم ٹیکس ریٹرن کیلئے پابند کرنا آئندہ سفر حج میں دشواریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ مختلف ریاستی حج کمیٹیوں نے اس سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کی ہے۔