حجاج کرام کے پہلے قافلہ کی 31 اگسٹ کو واپسی

   

دوسرے مرحلہ میں 7 ستمبر سے 15 ستمبر تک 23 قافلوں کی آمد
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج 2019 کی تکمیل کے بعد حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ حجاج کرام کی واپسی کا آغاز 31 اگسٹ سے ہوگا اور 15 ستمبر تک 23 قافلوں کے ذریعہ 8300 سے زائد حجاج کرام وطن واپس ہوں گے ۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ جدہ سے 31 اگسٹ کو حیدرآباد پہنچے گا۔ ایر انڈیا کی اس پرواز میں420 حجاج کرام شامل رہیں گے۔ جبکہ آخری قافلہ 15 ستمبر کو 340 حجاج کرام کے ساتھ حیدرآباد پہنچے گا۔کرناٹک کے حجاج پر مشتمل یہ قافلہ 18 جولائی کو حیدرآباد سے روانہ ہوا تھا۔ پہلے قافلہ کی واپسی کے بعد باقی 22 قافلے ایر انڈیا کی پروازوں سے مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوں گے جن کی آمد کا آغاز 7 ستمبر کو ہوگا۔ حیدرآباد ایمبارگیشن پوائنٹ سے جاریہ سال تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے حجاج کرام روانہ ہوئے تھے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ٹاملناڈو کے حجاج کرام کو حیدرآباد سے روانہ کیا گیا۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل پر حجاج کرام کے استقبال کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے ارکان اور ایر پورٹ اتھارٹی کے عہدیداروں کے ساتھ حج ٹرمنل کا معائنہ کیا۔ حجاج کرام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ ٹرمنل میں حجاج کے علاوہ وزیٹرس کیلئے ٹرمنل کے باہر وضو خانے، ٹائیلٹس اور نماز گاہ کا انتظام کیا جائے گا۔ حیدرآباد ایر پورٹ پر ہر حاجی کو 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا جائے گا۔