حج انتظامات ٹنڈرس ہندوستانی کونسلیٹ نے روک دئے

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) حج 2020ء انتظامات کے سلسلہ میں کونسل جنرل ہند جدہ نے اہم کاموں کے ٹنڈرس کو تاحکم ثانی روک دیا ہے ۔ کونسلیٹ اعلامیہ کے مطابق مملکت سعودی جانب سے کورونا کے خطرے کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیر کی روشنی میں کونسلیٹ جنرل نے 5 مختلف کاموں سے متعلق ٹنڈرس کو معرض التوا میں رکھا ہے۔ یہ ٹنڈرس مدینہ منورہ میں عازمین کیلئے عمارتوں کے انتخاب، چھتریوں کی سربراہی، پلاسٹک اشیاکی سربراہی، عزیزیہ میں ٹرانسپورٹ اور عازمین کو سم کارڈس سربراہی سے متعلق ہیں۔ ہر سال حج سرگرمیوں کے آغاز سے قبل ہی کونسلیٹ ٹنڈرس کو قطعیت دیتا ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے نائب کونسل حج سے ربط قائم کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک سے ہی حج کی تیاریوں کا آغاز ہوجاتا ہے تاہم اس بار کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے تمام بیرونی عازمین عمرہ کی آمد پر گزشتہ ماہ پابندی عائد کردی۔ صورتحال بہتر ہونے کی صورت میں حج کی تیاریوں کے آغاز کے لیے متعلقہ کونسلیٹس کو اجازت دی جائے گی۔