۔2020 حج کیلئے تمام عازمین کو ای ویزا جاری کرنے کا فیصلہ ، جی ایس ٹی کی شرح میں کمی
نئی دہلی 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے جمعہ کے دن اعلان کیاکہ حج کی درخواستوں کا ڈیجیٹل ادخال کا عمل 10 اکٹوبر سے شروع ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ 2020 ء میں عازمین حج 22 مقامات سے سفر کا آغاز کرسکیں گے۔ اُنھوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سال 2020 ء میں حج کے سفر پر روانگی کے نئے مقامات آندھراپردیش میں وجئے واڑہ پر کھولے جائیں گے۔ حج 2019 ء کے سفر کی تکمیل پر ان کی زیرصدارت ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں اُنھوں نے آئندہ سال سفر حج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں وزارت قانون، شہری ہوا بازی اور صحت کے عہدیدار شریک تھے۔ اجلاس کا اہتمام ہندوستان کے سفیر برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے کیا تھا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی صدرنشین شیخ جناح نبی بھی اجلاس میں شریک تھیں۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہاکہ حج 2020 ء 100 فیصد آن لائن عمل ہوگا۔ تمام عازمین حج کو ای ویزا سربراہ کرنے کا نظام قائم کیا جاچکا ہے۔ عازمین حج 10 اکٹوبر تا 10 نومبر اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستیں موبائیل آلات کے ذریعہ بھی داخل کی جاسکیں گی۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ سفر حج کا اہتمام کرنے والی این جی اوز یکم نومبر تا یکم ڈسمبر آن لائن درخواستیں دے سکیں گے۔ نقوی نے کہاکہ جاریہ سال عازمین حج پر GST کی شرح 18 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کردی گئی ہے۔ اُنھوں نے ادعا کیاکہ حج 2019 ء کے دوران ایسے عمل سے عازمین 113 کروڑ روپئے فی ہفتہ کی بچت کرپائے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین حج کے مدینہ منورہ میں قیام کے اخراجات میں گزشتہ سال سے 100 ریال کی تخفیف کی گئی چنانچہ نقوی نے ادعا کیاکہ عازمین حج کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ ملک گیر سطح پر 21 مقامات سے عازمین حج روانہ ہوئے جن میں 48 فیصد خواتین تھیں۔ جاریہ سال 2340 مسلم خواتین بغیر محرم کے فریضۂ حج ادا کیا۔ حج 2020 ء کے لئے محرم کے بغیر حج کرنے والی خواتین کو قرعہ اندازی سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ جملہ 1.4 لاکھ عازمین حج نے کمیٹی کے ذریعہ حج کیا اور 60 ہزار نے این جی اوز کے زیراہتمام حج گروپس میں سفر کیا۔ 2.67 لاکھ سے زیادہ خانگی منتظمین نے درخواست دی۔ عازمین حج کی بیداریٔ شعور کے پروگرام بھی چلائے جائیں گے۔ کشمیری عوام بھی بہ آسانی آن لائن درخواستیں دے سکیں گے۔
پاکستانی خاتون کو 35 سال بعد شہریت
مظفرنگر 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) 35 سال معمولی عرصہ ہرگز نہیں ہوسکتا لیکن ایک خاتون نے ہندوستانی شہریت کے لئے درخواست دینے کے بعد اِس قدر طویل انتظار کیا اور آخرکار اُسے ہندوستانی شہریت مل گئی۔ وہ مظفر نگر سٹی کے ایک شخص سے بیاہی گئی تھی اور تب سے ملک میں طویل میعادی ویزا پر مقیم تھی۔ مقامی انٹلی جنس عہدیدار کے مطابق 55 سالہ زبیدہ کی شادی یہاں یوگیندر پور محلہ کے سید محمد جاوید سے ہوئی تھی جس کے بعد زبیدہ نے شہریت کیلئے درخواست دی تھی۔