ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وبا کی وجہ سے حج و عمرہ سیکٹر کے متاثرہ افراد اور اداروں کے لیے مراعاتی پیکج کی منظوری دیدی ہے۔بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق ان اقدامات میں متعدد شعبوں میں حجاج اور معتمرین کو سروسز فراہم کرنے والے اداروں اور افراد کو سالانہ فیسز اور ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔ خیال رہے یہ سہولیات حج و عمرہ سروسز سے متعلق ان اداروں کو فراہم کی جا رہی ہیں جو کورونا وبا کی وجہ سے معاشی طور پر زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ حج اور عمرہ اداروں کو مراعاتی پیکیج وبا سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد کو معاشی سہولیات دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔کورونا کے باعث متاثر ہونے والے حج و عمرہ اداروں کو جو مراعات دی گئی ہیں ان میں مکہ اور مدینہ میں زائرین کی رہائش پر لی جانے والی بلدیہ کی فیس سے ایک سال کے لیے استثنیٰ دیا گیا ہے جبکہ حج اور کمپنیوں میں کام کرنے والے تارکین کی فیس میں 6 ماہ کی چھوٹ دی گئی ہے۔دوسری جانب وزارت سیاحت کے لیے ایک سال کی مدت تک مکہ اور مدینہ شہروں میں رہائش کی سہولیات کے لیے کسی فیس کے بغیر لائسنسوں کی تجدید کی جائے گی اور اس مدت میں توسیع کی بھی جا سکتی ہے۔ حج اور عمرہ اداروں سے وابستہ غیر ملکیوں کی اقامہ فیس 6 ماہ تک موخر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک سال تک قسطوں میں فیس ادا کرنے کی سہولت دی گئی ہے اور حج و عمرہ اداروں کی بسوں کے پرمٹ میں ایک سال کی مفت توسیع کی جائیگی۔