حج کیمپ 2024 کا آغاز، کل سے عازمین کے قافلوں کی روانگی

   

حیدرآباد سے 17 ریاستوں کے 11464 عازمین کی پرواز، سعودی ایرلائنز سے مدینہ منورہ روانگی، حج کیمپ میں بہتر سہولتیں
حیدرآباد 6 مئی (سیاست نیوز) حج 2024 ء کے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 8 مئی سے آغاز ہوگا اور تلنگانہ حج کمیٹی کے حج کیمپ کا آغاز ہوچکا ہے۔ نامپلی میں واقع حج ہاؤز میں ہمیشہ کی طرح حج کیمپ کا آغاز ہوا جہاں 8 مئی کو پہلے قافلہ کے عازمین حج نے رپورٹنگ کرتے ہوئے اپنا لگیج جمع کرادیا ہے۔ پہلے قافلہ کی روانگی چہارشنبہ کو رات 10.45 بجے ہوگی اور سعودی ایرلائنس کی خصوصی پرواز سے 285 عازمین حیدرآباد سے راست مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ کے عازمین کئی برسوں بعد حیدرآباد سے راست مدینہ منورہ روانہ ہورہے ہیں جبکہ سابق میں عازمین راست جدہ روانہ ہوتے رہے جبکہ واپسی مدینہ سے ہوئی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے لئے سعودی ایرلائنس کی پروازوں کا انتخاب کیا ہے۔ سعودی ایرلائنس کی 38 خصوصی پروازوں سے جملہ 11464 عازمین مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ اِس مرتبہ حیدرآباد سے تلنگانہ کے عازمین کے علاوہ دیگر 16 ریاستوں کے عازمین کی قابل لحاظ تعداد فریضہ حج کے لئے روانہ ہوگی۔ حج فلائیٹ شیڈول کے مطابق 23 مئی کو آخری قافلہ روانہ ہوگا اور شیڈول میں بسااوقات ایک دن میں 4 قافلے روانہ ہوں گے۔ مکہ مکرمہ میں سابق ریاست حیدرآباد کے 543 عازمین کے لئے نظام رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے لئے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ حج کیمپ کے آغاز کے ساتھ ہی حج ہاؤز نامپلی میں سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ عازمین کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل رپورٹنگ کی ہدایت دی گئی۔ شہر سے تعلق رکھنے والے عازمین رپورٹنگ کے بعد اپنی قیامگاہ واپس ہوسکتے ہیں اور روانگی سے 4 گھنٹے قبل حج ہاؤز پہونچنا ہوگا۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کے لئے کیمپ میں رہائش اور طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس حج کیمپ کے انتظامات کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ کیمپ میں عازمین کی سہولت کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور خانگی حج اداروں کے والینٹرس رہنمائی کررہے ہیں۔ اِسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے حج کیمپ کا معائنہ کیا۔ ایکزیکٹیو آفیسر شیخ لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفیسر عرفان شریف نے حج کیمپ کے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ عازمین حج کو خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ہاؤز سے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ کیا جائے گا۔ حج آپریشن میں شامل تمام سرکاری اداروں کو اُن کی ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے تلنگانہ کے 8239 عازمین روانہ ہوں گے جبکہ آندھراپردیش کے 1098، کرناٹک 1046، مہاراشٹرا 737 اور اڈیشہ کے 125 عازمین کی روانگی بھی حیدرآباد سے ہوگی۔ اِس کے علاوہ بہار 94، چھتیس گڑھ 54، آسام 4، گوا 3، گجرات 9، جھارکھنڈ 7، مدھیہ پردیش 12، ٹاملناڈو 9، جموں و کشمیر 1، اترپردیش 8 اور مغربی بنگال کے 6 عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ لوک سبھا چناؤ کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے حج کیمپ کی سرگرمیوں میں سیاسی قائدین کی شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔ فریضۂ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 23 جون سے آغاز ہوگا اور 8 جولائی کو آخری قافلہ حیدرآباد واپس ہوگا۔ عازمین حج 45 تا 48 دن سعودی عرب میں قیام کریں گے۔ 1