ممبئی: سعودی حکومت کے ذریعہ چندروز قبل صرف مقامی شہریوں کو حج 2021 کی اجازت دینے کے اعلان کو پیش نظر رکھتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 کے لیے جمع کردہ سبھی درخواستوں کو آج منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایکزیکٹیو افسر مقصود علی خان نے جاری ایک اعلامیہ میں کہاکہ سعودی حکومت نے امسال عالمی سطح پر حج کے انعقادنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس لیے ہندوستان میں موصولہ حج کی تمام درخواستیں منسوخ کی جاتی ہیں،گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی کوروناوباء کے پیش نظر یہ قدم اٹھانا پڑرہاہے ۔قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے کورونا بحران کی وجہ سے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی کسی دوسرے ممالک کے شہری کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی ہے ۔اس بار تقریباً 60 ہزار مقامی باشندوں کو ہی حج کی سعادت نصیب ہوگی اور اس کے لیے بھی کئی طرح کے شرائط و ضوابط طے کیے گئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ 2021 ء جسے سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور مملکت میں موجود تارکین وطن کے لئے محدود کردیا ہے ، اُس کے لئے انٹرنیٹ رجسٹریشن کی شروعات کے اندرون چند گھنٹے 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔تاہم ، سعودی وزارت اُمور حج نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ حج 2021 ء کیلئے 60 ہزار عازمین کی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ اب تقریباً ہر 8 درخواستوں میں سے ایک کو قبول کرنا ہوگا جس کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا جائے گا۔ کورونا وائرس وباء کے سبب لگاتار دوسرے سال سعودی حکومت نے بیرونی شہریوں کو حج کی اجازت نہیں دی ہے ۔ البتہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو کسی محرم کے بغیر حج کے لئے درخواست داخل کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔