حج کے لئے ای گیٹ کے ذریعہ رجسٹریشن

   

ریاض۔سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی حج کے لیے رجسٹریشن وزارت کے ای گیٹ کے ذریعے ہوگی۔واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے محدود تعداد میں مختلف ملکوں کے شہریوں کو حج کا موقع دینے کے اعلان پر یہ دریافت کیا جا رہا ہے کہ اس کا طریقہ کارکیا ہوگا؟ ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے بیان میںکہا ہے کہ وزارت کے ای گیٹ کے ذریعے حج رجسٹریشن کا فیصلہ ہوتے ہی اس کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔مشترکہ نیشنل پلیٹ فارم نے حج اجازت نامے کے اجرا اور بکنگ کا طریقہ کار بتاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کو حج اجازت نامہ جاری کروانے کے لیے اس طریقہ کارکو اپنانا ہوگا۔ وزارت حج و عمرہ کے ای گیٹ کو وزٹ کرکے داخلی عازمین کا ای روٹ اختیارکیا جائے۔ حج سہو لت کی فہرست پر، طلب حج، بکنگ کی درخواست کا انتخاب کرنا ہوگا۔ شہر اور حجاج کی تعداد کا اندراج کرکے حج پیکیج کا انتخاب کیا جائے۔حج پیکیج کی تفصیلات دیکھ کرکسی ایک کو اختیار کرلیا جائے۔شناختی کارڈز کے نمبر اور پیدائش کی تاریخوں کا اندراج کیا جائے اور پھر حج پیکیج کی رقم سداد کے ذریعے ادا کی جائے۔ وزارت حج و عمرہ نے سرکاری ویب سائٹ پر یہ بھی بتایاہے کہ عام افراد وزارت کے ای گیٹ کے ذریعے مختلف سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں،ای گیٹ 7 ای خدمات مہیاکررہا ہے۔وزیٹر ای گیٹ کے توسط سے لائسنس ہولڈر داخلی معلمین کا پتہ لگا سکتے ہیں۔ حج کی بکنگ کرسکتے ہیں اور اجازت نامہ جاری کراسکتے ہیں۔ ای گیٹ کے ذریعے حج اجازت نامے کی بکنگ کی تفصیلات جان سکتے ہیں۔ اجازت نامہ منسوخ کرواسکتے ہیں اورگزشتہ حج موسم کی بکنگ کی رقم واپس لے سکتے ہیں۔