حج ہاوز کو کرونا وائرس کیر سنٹر میں تبدیل کرنے کی ہدایت

   


آکسیجن اور دیگر سہولتوں کی فراہمی پر زور ، مرکز کی ہدایت پر چیرمین وقف بورڈ محمد سلیم کا ردعمل
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں حج ہاؤز کو کورونا وائرس کئیر سنٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حج کمیٹیوں کے تحت موجود حج ہاؤز کو کورنا کئیر مراکز میں تبدیل کرنے کی ہدایات دی گئی ہے۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ملک کی ریاستوں میں موجود حج ہاؤز کی عمارتو ںکو قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے اور ان عمارتوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کو آکسیجن اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں۔ مرکزی حکومت کی وزارت اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں موجود حج ہاؤز کی عمارتوں کو کورونا وائرس کے علاج کے لئے استعمال کرنے کی تاکید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دواخانوں میں بستروں کی قلت کو دور کرنے کیلئے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین بتایا کہ حج ہاؤز کی عمارت کو فوری طور پر قرنطینہ یا کورونا وائرس کئیر کے مرکز میں تبدیل کیا جانا ممکن نہیں ہے کیونکہ حج ہاؤز کی عمارت میںکئی ایک سرکاری دفاتر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان میں ایک دفتر ریاستی حج کمیٹی کا بھی موجود ہے اسی لئے موجودہ حج ہاؤز کو کورونا وائرس کئیر کے مرکز میں تبدیل نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے بتایا کہ اگر شدید ضرورت محسوس ہوتی ہے تو ریاست تلنگانہ میں حکومت اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤکی ہدایات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا ۔صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑتی اور مریضوں کی نگرانی اور ان کے علاج و معالجہ کیلئے اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ اور ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے مشترکہ مشاورت کے بعدکسی اور مقام پر کورونا وائرس کئیر کے مرکز کے قیام کا فیصلہ کیا جائے گا۔