حج 2020 ، تمام حفاظتی اقدامات کا اعلان

,

   

ریاض۔سعودی عرب میں حج سیکیورٹی فورس کے کمانڈر میجر جنرل زاید الطویان نے کہا ہے کہ اس سال حج موسم کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے۔انہوں نے حج کے دوران سخت حفاظتی تدابیر کا اعلان بھی کیا۔حج سیکیورٹی فورس کے کمانڈر نے کہا کہ اس سال مختلف ملکوں کے شہری محدود تعداد میں فریضہ حج ادا کریں گے۔انہوں نیمزید کہا کہ کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کو اجازت نامے کے بغیر حج مقامات پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزیاں کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی۔ ان کے مطابق نئے کورونا وائرس کی وبا کے ماحول میں حاجیوں کی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔حج سیکیورٹی فورس کے کمانڈر اور امن عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر میجر جنرل زاید الطویان نے کہا کہ حج کے موقع پر کرفیو نہیں لگایا جائے گا لیکن سیکیورٹی عہدیدار حج اجازت نامے نہ رکھنے والوں کو حج مقامات پر جانے سے روکنے کے لیے مکہ کے باہر چیک پوسٹوں پر روکیں گے۔میڈیا کے مطابق میجر جنرل زاید الطویان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حج سیکیورٹی فورس ضرورت پڑنے پر بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن یا بعض شاہراہوں کو بند کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ اقدام اس وقت کیا جائے گا جب کسی علاقے سے غیرقانونی طریقے سے حج پر جانے والوں کی بھیڑ دیکھنے میں آئے گی یا بعض شاہراہوں سے حجش مقامات پر دراندازی کا سلسلہ مشاہدے میں آئے گا۔ اگر کسی غیرملکی یا سعودی شہری نے حج مقامات پر دراندازی کی کوشش کی تو اسے مقررہ قانونی سزائیں دی جائیں گی۔ دراندازوں کو فوری سزائیں بھی دی جائیں گی۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد سب کی سلامتی ہے۔میجر جنرل زاید الطویان نے کہا کہ حج مقامات پر بغیر اجازت نامے والے افراد کی دراندازی روکنے کے لیے سیکیورٹی فورس پٹرولنگ کرے گی۔ کئی نگراں ادارے دراندازی کو روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں گے۔انہوں نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ اس سا ل مقررہ حج کوٹے کی پابندی کریں۔حج روڈ سکیورٹی اتھارٹی نے کہا ہے مکہ کے اطراف تمام چیک پوسٹیں موثر کردی ہیں۔محکمہ پاسپورٹ نے پھر انتباہ کیاکہ حج ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے ہوں گے اور انہیں قید کی سزائیں دی جائیں گی جو ٹرانسپورٹ کمپنی لائسنس کے بغیر کسی کو حج کے بغیر لے جائے گی اسے سزا دی جائے گی۔یاد رہے کہ حج مقامات مشاعر مقدسہ (منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ) میں داخلے پرپابندی کا نفاذاتوار سے ہو گیا ہے جو 12 ذوالحجہ تک جاری رہے گا۔