حج 2021 کیلئے ٹرینرس کے انتخاب کی درخواستوں کے ادخال کا آغاز

   

۔ 20 ڈسمبر آخری تاریخ، تجربہ رکھنے والے افراد کو ترجیح دینے کا فیصلہ
حیدرآباد۔/8 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2021 کے سلسلہ میں حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کے ٹرینرس کیلئے جنوری میں دو روزہ پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام ریاستوں سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا کے سرکولر کے مطابق چہارشنبہ سے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کو 27 ڈسمبر تک ٹرینرس کا انتخاب کرنا ہوگا۔ دو روزہ ٹریننگ پروگرام 8 اور 9 جنوری کو ممبئی میں منعقد ہوگا۔ حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات اور دیگر ضروری اُمور کے سلسلہ میں ٹرینرس کو تربیت دی جاتی ہے۔ کوئی بھی آف لائن درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ درخواست کے ساتھ ضروری دستاویزات بھی منسلک کرنا ہوگا۔ ہر 250 عازمین کیلئے ایک ٹرینر رہے گا۔ کمیٹی نے کہا کہ 50 فیصد سے زائد ٹرینرس سابق میں بھی منتخب کردہ نہ ہوں۔ ٹرینرس کیلئے ضروری ہے کہ وہ کریمنل ریکارڈ کے حامل نہ ہوں انہیں ویکسین کی دونوں خوراک لینا لازمی رہے گا۔ 2017 سے 2020 میں وہ فریضہ حج کی ادائیگی مکمل کرچکے ہوں۔ انگلش، اردو، ہندی اور مقامی زبانوں پر عبور لازمی ہوگا۔ وہ جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل فٹ ہوں۔ وہ عازمین کو لکچر دینے یا خطاب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ ریاستی حج کمیٹیوں کے ایگزیکیٹو آفیسرس‘ ٹرینرس کا انٹرویو لیں گے اور میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر انتخاب کیا جائے۔ ایسے افراد کو ترجیح دی جائے گی جو اسسٹنٹ حج آفیسر، حج اسسٹنٹ، میڈیکل آفیسر یا خادم الحجاج کی حیثیت سے خدمات کا تجربہ رکھتے ہوں۔ درخواست گذاروں کی عمر 25 تا 58 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2019 کے حج کوٹہ کے مطابق ریاستوں کیلئے ٹرینرس کی تعداد کا تعین کیا ہے۔ آندھرا پردیش کیلئے 9 ، تلنگانہ کیلئے 20 ٹرینرس کا انتخاب کیا جائے گا۔ ملک بھر سے جملہ 571 ٹرینرس کو تربیت دی جائے گی۔ر