زائد درخواستوں کی صورت میں قرعہ اندازی
ساتھی کیلئے رشتہ داروں کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد۔/14ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2022 کیلئے 70 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے محفوظ زمرہ کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد یعقوب شیخ کی جانب سے ریاستی حج کمیٹیوں کو جاری کردہ سرکولر میں بتایا گیا ہے کہ حج 2022 کیلئے ابتداء میں 65 سال کی عمر کی حد مقرر کی گئی تھی تاہم 70 سال سے زائد عمر کے افراد اب محفوظ زمرہ کے تحت اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ 70 سال سے زائد عمر کے ایسے افراد جنہوں نے زندگی میں حج کمیٹی یا پرائیویٹ ٹور آپریٹرس سے حج کا فریضہ ادا نہ کیا ہو وہ اس محفوظ زمرہ میں درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اگر ریاستوں کو الاٹ کردہ کوٹہ سے زیادہ درخواستیں محفوظ زمرہ میں حاصل ہوتی ہیں تو عازمین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا جائے گا لہذا محفوظ زمرہ کے تحت بھی کوئی بھی درخواست گذار اپنے سلیکشن پر دعویداری پیش نہیں کرسکتا۔ درخواست گذار کو دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق سادہ کاغذ پر ڈیکلریشن داخل کرنا ہوگا۔ درخواست گذار کی عمر 31 مئی 2022کو 70 سال مکمل ہونی چاہیئے۔ محفوظ زمرہ کے درخواست گذاروں کیلئے ساتھی کا ہونا لازمی رہے گا۔ اس مرتبہ حج کمیٹی نے ساتھی کے طور پر اہل رشتہ داروں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔ شوہر، بیوی، بھائی، بہن، فرزند، دختر، پوتا، پوتی، بہو، داماد، بھانجہ، بھانجی کو ساتھی کے طور پر جانے کی اجازت رہے گی۔ محفوظ زمرہ کے درخواست گذار کی جانب سے درخواست واپس لینے کی صورت میں ان کے ساتھی کو تنہا حج کی اجازت نہیں رہے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ سے محفوظ زمرہ کی شرائط کی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ر