26 محکمہ جات کی تہنیتی تقریب، ریاستی وزراء محمود علی، کے ایشور،نرنجن ریڈی اور ڈی جی پی مہیندر ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے حج 2022 کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے 26 سرکاری محکمہ جات کو تہنیت پیش کی گئی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور، وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، حکومت کے مشیر اے کے خاں، ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء نے حج 2023 کیلئے حکومت کی جانب سے حج کمیٹی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تاکہ عازمین کی مزید بہتر خدمت کی جاسکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر عازمین حج کی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال حیدرآباد سے 7 ہزار عازمین حج کی روانگی متوقع ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی کو سال 2022 کیلئے ایوارڈ ملنے پر صدرنشین اور ارکان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ سے بسٹ امبارگیشن پوائنٹ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے حج کمیٹی اور سرکاری محکمہ جات کی ستائش کی اور کہا کہ عنقریب حج ہاوز سے متصل زیر تکمیل کامپلکس کا کام شروع کیا جائے گا۔ وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے کہا کہ تمام 26 محکمہ جات نے بہتر تال میل کے ذریعہ عازمین حج کی خدمت کی ہے جس کے لئے ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر، ریاستی وزراء ہریش راؤ، کے ٹی آر اور تمام سرکاری محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج والینٹرس نے بھی رضاکارانہ خدمات انجام دی ہیں جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کو ملک میں بسٹ امبارگیشن پوائنٹ کا ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے اجلاس میں حج اخراجات میں کمی اور تلنگانہ کیلئے کوٹہ میں اضافہ کی سفارش کی گئی ہے۔ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ 2022 میں تلنگانہ کے 2171 اور آندھرا پردیش کے 810 عازمین حج روانہ ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2023 میں تلنگانہ سے 7000 عازمین روانہ ہوں گے۔ مہمانوں کے ہاتھوں 26 محکمہ جات کے عہدیداروں کو تہنیت پیش کی گئی جن میں جی ایم آر، کسٹمس، ایمیگریشن، پولیس، واٹر ورکس، جی ایچ ایم سی، آر ٹی سی ، برقی، ریجنل پاسپورٹ آفس، فائر سرویس اور دیگر محکمہ جات شامل ہیں۔ر