حج 2024 کیلئے کوٹے سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں

   

نئی دہلی: حج 2024 کیلئے ملک کی تمام ریاستوں اور یونین ٹیرٹیریز سے تقریباً ایک لاکھ چوہتر ہزار (1,74,000) ہندوستانی عازمینِ حج نے حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے آن لائن درخواستیں جمع کی ہیں۔حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب لیاقت علی آفاقی، آئی آر، ایس نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے توسل سے حج کا کوٹہ 1,40,025 مقرر ہے جو ملک کی تمام ریاستوں اور یونین ٹیرٹیریز میں مسلم آبادی کے تناسب سے تقسیم ہوتا ہے ۔ متعینہ کوٹے سے زائد حج درخواستیں موصول ہونے والی ریاستوں میں جنوری کے آخر یا فروری کے پہلے ہفتہ تک کمپیوٹر کے زریعہ قرعہ اندازی کرانے کا امکان ہے ۔ آفاقی نے مزید بتایا کہ مہاراشٹرا، کیرالا، گجرات، اترپردیش اور کرناٹک میں بالترتیب سب سے زیادہ حج درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ جبکہ بغیر محرم خواتین کی پانچ ہزار (5000) سے زیادہ اور ستر ( 70) یا اُس سے زائد عمر کے چھ ہزار تین سو (6300) عازمین حج نے درخواستیں بھیجی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر، حج کمیٹی آف انڈیا نے اپیل کی کہ قرعہ میں منتخب شدہ عازمین کرام سفر حج اور فرائض حج کو آسان اور صحیح کرنے کیلئے ہر سطح پر منعقدہ حج تربیتی پروگرام اور کیمپ میں ضرور شرکت کریں، تاکہ حکومتِ ہند و سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا پورا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے حج کو آسانیوں کے ساتھ مکمل کر یں۔