حج 2024 کی مختلف خدمات کیلئے ٹنڈرس کی طلبی

   

ویٹنگ لسٹ کے تحت1724 عازمین کی منظوری، 15 اپریل تک رقم ادا کرنے کی گنجائش

حیدرآباد۔/9 اپریل،( سیاست نیوز) حج 2024 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی نے ای ۔ ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ حج کیمپ میں عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے شفافیت کے ساتھ ٹنڈرس کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ 7 مختلف خدمات کے سلسلہ میں ای ۔ ٹنڈرس طلب کئے گئے جن میں غذا کی سربراہی، سپلائنگ کمپنی ٹینٹ و دیگر سہولتیں، حج ہاوز مینٹننس، حج ہاوز سے عازمین حج کی ایر پورٹ منتقلی کیلئے اے سی بسوں کا حصول، لگیج کی ایر پورٹ منتقلی کیلئے ڈی جی ٹی ویانس کا حصول، کاروں کا کرایہ پر حصول اور سی سی ٹی وی کیمروں کی کرایہ پر خدمات شامل ہیں۔ ای۔ ٹنڈرس 19 اپریل شام 5 بجے تک داخل کئے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ برسوں میں بھی اگرچہ مختلف خدمات کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جاتے رہے لیکن کاموں کے معیار کے بارے میں مختلف شکایتیں منظر عام پر آئی تھیں۔ بعض کام ٹنڈرس کے بجائے راست الاٹ کردیئے گئے تھے۔ اسی دوران عازمین حج کے سفری اخراجات کی دوسری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ ختم ہوچکی ہے۔ پہلی قسط کے بعد تقریباً 4886 عازمین نے دوسری قسط ادا نہیں کی تھی۔ 18 مارچ کو مہلت ختم ہونے کے بعد بتایا جاتا ہے کہ 37 عازمین حج نے رقم ادا نہیں کی اور ان کے رجسٹریشن کو حج کمیٹی آف انڈیا نے منسوخ کردیا ہے۔ دوسری طرف حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے مزید ویٹنگ لسٹ کی منظوری دی ہے۔ تلنگانہ کیلئے تاحال 1317 عازمین کو ویٹنگ لسٹ کے تحت منظوری دی گئی تھی۔ تاہم یہ تعداد بڑھ کر 1724 ہوچکی ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین حج 15 اپریل تک پہلی اور دوسری قسط کی مجموعی رقم 2 لاکھ 51 ہزار 800 روپئے حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کردیں۔ رقم کی ادائیگی کے بعد عازمین حج انٹرنیشنل پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات 15 اپریل تک تلنگانہ حج کمیٹی میں جمع کرادیں۔1