حج 2024 کے انتظامات کیلئے سکریٹری اقلیتی بہبود کا جائزہ اجلاس عنقریب قرعہ اندازی کا امکان ، منتخب عازمین کیلئے تربیتی کیمپس

   

حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2024 کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف اور دوسروں نے اجلاس میں بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو جاریہ سال حج کیلئے جملہ 11195 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور 15 جنوری کو درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کرنے کی کارروائی جاری ہے ۔ 2011 مردم شماری کے حساب سے مسلم آبادی کی بنیاد پر ریاستوں کو عنقریب کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب ہوگا اور توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام یا آئندہ ماہ قرعہ اندازی ہوگی۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے کور نمبرس کی تکمیل کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ قرعہ اندازی کے بعد عازمین سے پاسپورٹ ، میڈیکل اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ کے علاوہ سفری اخراجات کی پہلی قسط وصول کی جائے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے فروری تا اپریل شہر اور اضلاع میں منتخب عازمین کیلئے تربیتی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ خادم الحجاج کا انتخاب حج کمیٹی آف انڈیا کی گائیڈ لائینس کے مطابق حیدرآباد میں ہوگا۔ عازمین کی روانگی سے قبل انہیں ٹیکہ اندازی کے مرحلہ سے گزرنا ہوگا ۔ حیدرآباد سے مئی یا جون میں عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی اور حیدرآباد سے راست فلائیٹس جدہ کیلئے رہیں گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر سال کی طرح نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حج انتظامات کے سلسلہ میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔ تلنگانہ کو موصولہ درخواستوں میں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے 380 اور محرم کے بغیر حج کی ادائیگی کیلئے 120 خواتین کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ گزشتہ سال کے مقابل جاریہ سال درخواستوں کی تعداد زیادہ ہے۔ حج 2023 کیلئے 8659 درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔1