ویٹنگ لسٹ کے تحت 2492 عازمین ، نئی دہلی میں قرعہ اندازی تقریب
حیدرآباد ۔7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حج 2025 کے لئے ہندوستانی عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے نئی دہلی میں واقع سنٹرل حج کمیٹی کے دفتر میں ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعہ حج 2025 کے خوش قسمت عازمین کا انتخاب کیا ۔ ملک بھر سے 120702 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا جبکہ تلنگانہ سے 6519 عازمین قرعہ اندازی میں منتخب ہوئے ہیں ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اگست 2024 میں درخواستیں طلب کی تھی اور دو مرتبہ آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 30 ستمبر کو درخواستوں کے ادخال کا اختتام ہوا۔ منتخب عازمین حج کی تفصیلات حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر پیش کی گئی ہے۔ ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے ۔ کئی ریاستوں میں حج کوٹہ سے کم درخواستیں موصول ہوئیں ، لہذا تمام درخواست گزاروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ جن ریاستوں میں حج کوٹہ باقی رہ گیا، انہیں دیگر ریاستوں میں تقسیم کیا گیا جہاں درخواستوں کی تعداد حج کوٹہ سے زائد ہے۔ تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ 3155 عازمین حج کا الاٹ کیا گیا تھا جبکہ 9011 درخواستیں داخل کی گئیں۔ دیگر ریاستوں سے تلنگانہ کو 3364 کا اضافی کوٹہ حاصل ہوا ہے ۔ قرعہ اندازی میں 6519 عازمین حج منتخب ہوئے جبکہ ویٹنگ لسٹ کے تحت 2492 عازمین حج کو شامل کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر منتخب عازمین اور ویٹنگ لسٹ کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر لیاقت علی آفاقی آئی آر ایس نے وزارت اقلیتی امور کے عہدیداروں کے ہمراہ قرعہ اندازی کی نگرانی کی۔ واضح رہے کہ حج 2024 میں حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 17 ریاستوں کے جملہ 11512 عازمین سعودی عرب کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ تلنگانہ کے 8296 عازمین نے فریضہ حج کی تکمیل کی۔ 1