حج 2025 کیلئے تلنگانہ کے تمام درخواست گزار وں کا انتخاب 2492 تک ویٹنگ لسٹ کی منظوری

   

19 برس میں پہلی مرتبہ تمام درخواست گزار حج کے لئے روانہ ہوں گے
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کے بشمول 8 ریاستوں کیلئے حج 2025 کی ویٹنگ لسٹ کو منظوری دی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نظیم احمد نے ریاستی حج کمیٹیوں کو ویٹنگ لسٹ کی منظوری سے واقف کرایا۔ تلنگانہ کی ویٹنگ لسٹ 2289 سے 2492 تک منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ ، نئی دہلی ، گجرات ، کیرالا ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کیلئے بھی ویٹنگ لسٹ کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 1667 نشستوں کو ویٹنگ لسٹ کے تحت 8 ریاستوں میں منظوری دی گئی۔ ایسے عازمین حج جن کا ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ حج 2025 کے لئے انتخاب عمل میں آیا ، انہیں 10 مارچ تک دونوں اقساط کی مجموعی رقم 272300 روپئے جمع کرانے ہوں گے۔ سفری اخراجات کی پہلی قسم کے طور پر 130300 روپئے جبکہ دوسری قسط کے طور پر 142000 روپئے ادا کرنے ہیں۔ منتخب عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں رقم جمع کراسکتے ہیں۔ دونوں قسطوں کی ادائیگی کے بعد عازمین حج کو حج درخواست فارم ، سیلف ڈکلیریشن ، پے ان سلپ یا آن لائین رسپٹ کی کاپی اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ کے ساتھ انٹرنیشنل پاسپورٹ کو متعلقہ حج کمیٹی کے پاس 13 مارچ تک جمع کرانا ہوگا۔ویٹنگ لسٹ کی منظوری کے بعد تلنگانہ کے تمام درخواست گزاروں کا حج 2025 کیلئے انتخاب عمل میں آیا ہے اور ایک بھی درخواست زیر التواء نہیں ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ 19 سال میں پہلی مرتبہ ریاست کے تمام درخواست گزار حج بیت اللہ کی سعادت کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے 2492 تک ویٹنگ لسٹ کو منظوری دے دی ہے اور 2025 کیلئے داخل کی گئی تمام درخواستیں منظور ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کے لئے جملہ 9061 درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ اور حج کوٹہ 6519 عازمین کا الاٹ کیا گیا تھا۔ 2114 عازمین نے مختلف وجوہات کے سبب سفر منسوخ کردیا اور 6947 عازمین باقی رہ گئے تھے۔ ویٹنگ لسٹ کی منظوری سے ریاست کے تمام 6947 عازمین حج بیت اللہ کی سعات سے مستفید ہوں گے۔ مولانا غلام افضل بیا بانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ تلنگانہ سے تمام عازمین حج کی روانگی پر وہ بارگاہ رب العزت میں سجدہ شکور بجا لاتے ہیں۔1