اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے 2026 کے حج سفر کی تیاریوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے حج 2025 کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال اموات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جہاں 2024 میں 200 سے زائد حجاج کرام انتقال کر گئے تھے، وہیں 2025 میں یہ تعداد کم ہو کر 64 رہ گئی۔رجیجو نے اس بہتری کا سہرا کئی عوامل کو دیا اور واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ حج کمیٹی کی تنظیم میں کوئی خامی تھی۔ انہوں نے حج کمیٹی، اقلیتی امور کی وزارت، امور خارجہ کی وزارت، سعودی عرب کے سفارتخانے اور جدہ میں موجود ہندوستانی قونصلیٹ کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مل کر حج کو آسان اور بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ شہری ہوابازی، صحت اور داخلہ امور جیسی کئی دیگر وزارتوں نے بھی حج 2025 کی کامیابی میں مثبت کردار ادا کیا۔
حج 2026: تمام کارروائیاں ڈیجیٹل ہوں گی
نئی دہلی:4 جولائی (ایجنسیز) اگر آپ اگلے سال یعنی 2026 میں حج پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں تو آپ کے لیے ایک خوشخبری ہے۔ مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے سال سے سفر حج کی تمام تر کارروائیوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد زائرین کو زیادہ سہولیات اور شفاف عمل فراہم کرنا ہے۔یہ اعلان مرکزی وزیر کیرن رجیجو نے حج ریویو میٹنگ کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کا حج انتظامیہ کے لحاظ سے اب تک کا سب سے کامیاب حج رہا، اور اب حکومت 2026 کے لیے پہلے ہی سے تیاریوں میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت حج پر جانے والے تمام افراد کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پابندِ عہد ہے۔کیرن رجیجو نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے کے اندر 2026 حج کے لیے حج پورٹل کا آغاز کیا جائے گا۔ جو افراد اگلے سال حج پر جانے کے خواہشمند ہیں، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دی گئی ٹائم لائن کی سختی سے پیروی کریں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی زائر کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے تو اس کے ساتھ کسی قریبی شخص یا رشتہ دار کا جانا لازمی ہوگا، تاکہ وہ دورانِ سفر بہتر دیکھ بھال کر سکے۔