حج 2026ء کیلئے آج حج کمیٹی آف انڈیا کی قرعہ اندازی

   

عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جائے گی، تلنگانہ سے 11 ہزار درخواستیں

حیدرآباد 12 اگست (سیاست نیوز) حج 2026ء کے عازمین حج کے انتخاب کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے کل 13 اگست کو قرعہ اندازی کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سی شاہنواز آئی اے ایس نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر کے ذریعہ آن لائن قرعہ اندازی کی اطلاع دی۔ ممبئی میں واقع حج کمیٹی آف انڈیا کے دفتر میں 11.30 بجے دن قرعہ اندازی کی جائے گی اور ملک بھر کے عازمین حج کا انتخاب کرتے ہوئے حج کمیٹی کے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔ ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے اور موصولہ درخواستوں میں قرعہ اندازی کے ذریعہ خوش نصیب عازمین کا انتخاب ہوگا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ منتخب عازمین اور ویٹنگ لسٹ کے عازمین دونوں کی تفصیلات حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائٹ پر پیش کی جائیں گی اور درخواست گذاروں کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو 20 اگست تک حج مصارف کی اڈوانس پہلی قسط کے طور پر 152300 روپئے جمع کرانے ہوں گے۔ اِسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کو حج 2026ء کے لئے جملہ 11413 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے7 اگست تک آن لائن درخواستوں کو قبول کیا۔ سعودی عرب میں عازمین کے لئے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے سعودی حکومت نے تمام ممالک کو مقررہ وقت سے کافی قبل درخواستیں طلب کرنے کی ہدایت دی تھی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اِس مرتبہ 2 علیحدہ پیاکیج رکھے ہیں۔ عام طور پر 42 دن کا حج سفر ہوتا ہے تاہم اِس مرتبہ 20 دن کا بھی حج پیاکیج متعارف کیا گیا ہے۔ یہ پیاکیج سینئر سٹیزنس، سرکاری ملازمین اور کم وقفہ میں حج کی تکمیل کے خواہاں امیدواروں کیلئے ہوگا۔ نئے پیاکیج کے جملہ مصارف کا ڈرا کی تکمیل کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ اِسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے حج 2026ء کے درخواست گذاروں سے خواہش کی کہ وہ قرعہ اندازی کے بعد کسی بھی معلومات کیلئے حج کمیٹی کے دفتر نامپلی سے رجوع ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حج کمیٹی گزشتہ برسوں کی طرح اِس بار بھی مؤثر انتظامات کی ابھی سے تیاریاں کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مؤثر انتظامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ مولانا خسرو پاشاہ نے کہاکہ قرعہ اندازی کے بعد منتخب عازمین حج پہلی قسط کی رقم جمع کرنے کیلئے تیار رہیں۔1