حرمین کا تقدس ’سرخ نشان‘ ہے: السدیس

,

   

ریاض : حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ مقدس شہروں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مسجد الحرام، مسجد نبویؐ اور مشاعر مقدسہ (منٰی، عرفات، مزدلفہ) سے متعلق قوانین و ضوابط کی مکمل پابندی سب پر لازم ہے۔ میڈیا کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے مقدس مقامات سے متعلق قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس سعودی عرب کے حوالے سے سرخ نشان کا درجہ رکھتا ہے۔ان کی بے حرمتی کرنے والے کسی بھی انسان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ کسی بھی ملک کا شہری ہو اور اس کا پیشہ کچھ بھی ہو۔ مقدس شہر اور مقامات سعودی عرب کی مکمل خودمختاری میں آتے ہیں اور اسے ان کی خدمت اور نگہداشت کا اعزاز حاصل ہے۔ ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ مبینہ بدامنی والے جرائم پر عبرتناک سزائیں دینا ضروری ہے۔ اس مذہبی اور قومی ذمہ داری کی ادائیگی میں سب لوگ تعاون کریں۔