حرم مکّی میں دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سسٹم

   

ریاض : مکہ مکرمہ میں مسجد حرام میں واقع دو کْولنگ اسٹیشنوں کو دنیا میں سب سے بڑی کولنگ تنصیب کے طور پر درج کر لیا گیا ہے۔ ان میں پہلا ’’اجیاد اسٹیشن‘‘ ہے۔ یہ 35300 ریفریجریشن ٹن پیدا کرتا ہے جس میں سے تقریبا 24500 ریفریجریشن ٹن استعمال ہو جاتے ہیں۔ دوسرا اسٹیشن نیا مرکزی اسٹیشن ہے۔ اس کی گنجائش 1.2 لاکھ ریفریجریشن ٹن ہے۔ یہ اس وقت حرم مکی کی تیسری سعودی توسیع اور نصف مسعیٰ کو ٹھنڈک فراہم کر رہا ہے۔ مستقبل میں یہ اسٹیشن مسجد حرام کے تمام جانبی راستوں اور ملحقہ مقامات کو ٹھنڈا رکھے گا۔مسجد حرام کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مرکزی اسٹیشنوں کے علاوہ کولنگ کے فاضل اسٹیشن بھی فراہم کیے ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی مرکزی اسٹیشن میں تعطل آنے کی صورت میں درجہ حرارت کو کنٹرول کیا جا سکے اور مسجد حرام کے اندر صاف ہوا کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے رواں سال رمضان مبارک کے سیزن کی تیاریاں بڑھا دی گئی ہیں۔ اس دوران مسجد حرام میں ایئرکنڈیشننگ سسٹم کی روٹین کی دیکھ بھال اور جانچ کا سلسلہ جاری ہے۔