حرم مکی لائبریری عوام کے لیے کھول دی گئی

   

مکہ مکرمہ ۔ کورونا وائرس کے باعث 8 ماہ بند رہنے کے بعد حرم مکی شریف لائبریری کو عوام کے لیے کھول دی گئی ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق لائبریری میں ایک گھنٹے کے دوران 30 افراد کو داخلہ کی اجازت ہوگی۔قبل ازیں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے ہدایت دی تھی کہ انتظامیہ کے تحت تمام بیرونی ادارے مرحلہ وار کھول دیئے جائیں۔لائبریری انتظامیہ نے کہا ہے کہ عمرہ بحالی کی منصوبہ بندی سے ہم آہنگ لائبریری کو بھی مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر لائبریری میں محدود افراد کو فائدہ اٹھانے کا موقع دیا جار ہا ہے تاہم وقت کے ساتھ تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا۔لائبریری کے تمام حصوں کو پوری طرح سینیٹائزکیا گیا ہے، جراثیم کش ادویہ کے علاوہ مکمل طور پر صفائی کی گئی ہے۔ایک گروہ کے نکلنے کے بعد اور اگلا گروہ آنے سے پہلے بھی پوری عمارت کو ایک مرتبہ صاف کیا جاتا ہے۔