حرم کرین حادثہ :نئے فیصلہ میںبن لادن کمپنی کو 20ملین ریال جرمانہ

   

ریاض (کے این واصف): سعودی عرب مکہ مکرمہ فوجداری اپیل کورٹ نے حرم کرین کیس کا نیا فیصلہ جاری کیا ہے۔ عدالت نے بن لادن کمپنی کو لاپروائی اور سلامتی ضوابط کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے 20 ملین ریال کا جرمانہ کیا ہے۔عکاظ اخبار کے مطابق فوجداری اپیل کورٹ نے تین ملزمان کو چھ ماہ قید، 30 ہزار ریال جرمانے، 4 ملزمان کو چار ماہ قید اور 15 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ فوجداری اپیل کورٹ نے فیصلے میں حرم کرین کیس میں ہلاک ہونے والوں کی دیت کی ذمہ داری کمپنی پر نہیں ڈالی۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجداری اپیل کورٹ کا فیصلہ اگر سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کیا گیا تو مقررہ قانون کے مطابق یہ فیصلہ حتمی شکل اختیار کرلے گا۔7سال قبل11 ستمبر 2015ء کو حرم مکی میں تعمیراتی کام کے سلسلہ میں نصب کرین حادثاتی طور پر گر پڑی تھی۔