ملک میں پیش آنے والے واقعات پر دنیا کی نظر ۔ فرقہ پرستوں کے اقدامات سے بیرون ملک شبیہہ متاثر
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔30 اپریل۔ملک بھر میں جاری تناؤ اور مسلمانوں پر جاری مظالم نے دنیا کو اپنی جانب متوجہ کرنا شروع کردیا ہے اور اب حرم مکہ میں نگران امور حرمین شریفین و امام حرم کعبہ الشیخ عبدالرحمن السدیس نے اپنی خصوصی دعاء میں کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ہندستانی مسلمانوں پر جاری ظلم و استبداد سے نجات کیلئے دعاء کی ۔ حرمین شریفین میں عالم اسلام کی سربلندی اور جن مقامات پر مسلمان محاذ آراء ہیں ان کے حق میں دعاء کی جاتی رہی ہے اور موجودہ حالات میں بھی خصوصی دعاؤوں میں مظلوموں کی مدد کیلئے دعاء کی جاتی ہے۔سابق میں فلسطین‘ لیبیاء‘ کشمیر ‘ افغانستان کے علاوہ ان ممالک کا نام حرم کعبہ میں ہونے والی مخصوص دعاؤوں میں لیا جاتا تھا جن ممالک میں مسلمان مظلوم ہیں اور جن علاقوں میں انہیں بظاہر مدد کی ضرورت نظر آرہی ہے ۔ ہندستان میں کشمیر کے خطہ کے مسلمانوں کے لئے دعاء کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اب ہندستان کا مجموعی طور پر حرم کعبہ کی جانب سے دعاء میں نام لیا جانا اور ہندستانی مسلمانوں پر جاری ظلم و استبداد سے نجات کے لئے دعاء کی جانا ہندستان کی عالمی سطح پر شبیہہ کو ظاہر کرتا ہے۔ اترپردیش‘ مدھیہ پردیش‘ دہلی ‘ راجستھان‘ کرناٹک‘ گجرات کے علاوہ دیگر ریاستو ںمیں مسلمانوں کے مکانات اور تجارتی اداروں کے انہدام و ان کے سماجی بائیکاٹ کے سلسلہ میں تیار کیا جانے والا ماحول دنیا میں ہندستان کی شبیہہ کو شدید متاثر کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ امام حرم کعبہ الشیخ عبدالرحمن السدیس کی جانب سے خصوصی دعاء کی کلپ جو سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے اس میں ہندستانی مسلمانوں پر مخصوص مذہب کے ماننے والوں کی جانب سے کئے جانے والے مظالم کا تذکرہ صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔ دنیا بھر کے انگریزی ‘ عربی اور دیگر زبانوں کے اخبارات میں مسلمانوں کی املاک کو سرکاری نگرانی میں تباہ کئے جانے کی خبروں کی اشاعت نے دنیا بھر کے متفکر شہریوں کو ہندستانی مسلمانو ںکے متعلق تفکرات میں مبتلاء کردیا ہے ۔ امام حرم کعبہ کی دعاء کے علاوہ ملک کے کئی علاقوں میں صلواۃ التہجد اور قیام اللیل کے علاوہ معتکفین جو دنیا و مافیہا سے ترک تعلق کرتے ہوئے رجوع الی اللہ ہیں وہ بھی ہندستان کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دعائیں کر رہے ہیں اور مسلمانوں اور ان کی املاک کو تباہ کرنے اور ان کے سماجی بائیکاٹ کی کوشش کرنے والوں کے لئے ہدایت کی دعاء کررہے ہیں اورمنافرت کے اس زہر کو پھیلانے والوں کی تباہی و بربادی کے لئے دعائیں کی جا رہی ہیں۔شہر حیدرآباد کی کئی مساجد اور اجتماعی اعتکاف کے مقامات پر کی جانے والی دعاؤوں میں بندگان خدا توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ مظلوموں کی سربلندی ‘ قیدیوں کی رہائی ‘ مسلمانو ںکی املاک کے تحفظ اور منافرت پھیلانے والوں کی تباہی کی دعائیں کررہے ہیں۔