تل ابیب: اسرائیلی فوج نے پیر کے روز ایک اعلان میں بتایا ہے کہ اس نے چار مسلح افراد پر مشتمل ایک گروپ کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ یہ افراد شام کے ساتھ سرحد پر سیکورٹی باڑ پر دھماکا خیز آلات نصب کرنے میں مصروف تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان جوناتھن کونریکوس نے واضح کیا کہ گولان کے پہاڑی علاقے کے جنوب میں اس کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کا کوئی اہل کار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔حالیہ عرصے میں اسرائیل کی شام اور لبنان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے گذشتہ ماہ شام کے جنوب میں عسکری اہداف پر بمباری کی۔ یہ کارروائی اسرائیل کی جانب “فائرنگ” کے واقعہ کے جواب میں کی گئی۔ اسرائیل کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں حزب اللہ کے ایک رکن کے علاوہ ایران کی ہمنوا دیگر ملیشیاؤں کے بعض ارکان بھی مارے گئے۔گذشتہ چند روز کے دوران اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر دونوں اطراف سے ایسے بیانات جاری ہوئے جن میں ممکنہ جنگ سے خبردار کیا گیا۔ حزب اللہ کی جانب سے متنبہ کیا گیا کہ اسرائیل کے خلاف کارروائی “حتمی طور پر” آنے والی ہے جب کہ اسرائیل نے خبردار کیا کہ لبنانی ملیشیا “آگ سے کھیل رہی ہے”۔ تاہم تجزیہ کاروں کے نزدیک جنگ ایک ایسا اقدام ہے جس کی خواہش فریقین میں سے کوئی نہیں رکھتا۔