حسین ساگر کی سطح آب میں اضافہ خوبصورت نظارہ کرنے سیاحوں کا ہجوم

   

حیدرآباد۔13۔اگسٹ(سیاست نیوز) اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ہونے والی بارش کے دوران حسین ساگر کی سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ سیاحوں کی دلچسپی اور اس تفریحی مقام پر تالاب کے لبریز ہونے کی وجہ سے انتہائی خوبصورت مناظر ہیں اور حسین ساگر میں پانی کے لبریز ہونے کا مشاہدہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ حسین ساگر سے پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔ حسین ساگر کے لبریز ہونے کے سلسلہ میں جاری کی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ حسین ساگر کی مکمل سطح آب 513.41 میٹرہے جبکہ حسین ساگرمیں 514.75 میٹر پانی جمع ہونے پر اسے لبریز قرار دیا جاتا ہے ۔13اگسٹ کو حسین ساگر کی جو سطح آب ریکارڈ کی گئی ہے اس کے مطابق حسین ساگر کی سطح 513.36 میٹر تک پہنچ چکی ہے ۔ حسین ساگر میں جمع ہونے والے پانی کے سلسلہ میں جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق 580کیوزک پانی جمع ہورہا ہے اور اس ذخیرہ ٔ آب سے 869 کیوزک پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔3