حسین ساگر کے اطراف کے علاقوں میں چوکسی، دانا کشور کا دورہ

   

عثمان ساگر ، حمایت ساگرکی صورتحال پر نظر، شہر میں610 عہدیداروں کی ٹیمیں متحرک
حیدرآباد۔یکم؍ ستمبر، ( سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق ایم دانا کشور نے آج شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حسین ساگر کا معائنہ کیا جس کی سطح آب مکمل ہوچکی ہے۔ دانا کشور نے حسین ساگر کے اطراف کے علاقوں میں عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی ہدایت دی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے دانا کشور نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بلدی حکام کو عوام کے درمیان رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی ، حیڈرا، واٹر ورکس، ایچ ایم ڈی اے کے 610 عہدیداروں کی ٹیمیں عوام میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے سبب بارش کے دوران ٹریفک کے مسائل پیدا نہیں ہوئے۔ الا پور اور کوکٹ پلی میں 50 تا 60 مکانات پانی میں محصور ہوگئے اور عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ناگزیر صورت میں مکانات سے باہر نکلیں کیونکہ آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی ہے۔ قدیم عمارتوں پر حکام نے گہری نظر رکھی ہے اور اطراف میں موجود لیبر طبقہ کا تخلیہ کرادیا گیا ۔ دانا کشور کے مطابق حسین ساگر سے 10 ہزار 400 کیوسک پانی کا اخراج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب کی تکمیل کیلئے مزید 8 فیٹ باقی ہیں تاہم حکام دونوں ذخائر آب کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔1