حشش کا تیل منتقل کرنے والے دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔ عبداللہ پور میٹ پولیس اور ایس او ٹی ایل بی نگر نے ایک کارروائی میں دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے تین لیٹر حشش آئیل کو ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آؤٹر رنگ روڈ، عبداللہ پور میٹ کے علاقہ میں لی لینڈ گاڑی کو روک کر انہیں گرفتار کرلیا۔ دو افراد جو آپس میں سالے بہنوئی بتائے گئے ہیں ترکاری کی گاڑی میں حشش کا تیل اور گانجہ سپلائی کررہے تھے۔ پولیس نے 28 سالہ پی ویرا بھدرا اور 36 سالہ سنتوش کمار ساکنان کوکٹ پلی کو گرفتار کرلیا ۔ سنتوش کمار مغربی گوداوری کا متوطن ہے اور ویرا بھدرا کاماریڈی سے تعلق رکھتا ہے۔ پولیس کے مطابق سنتوش کمار دس سال قبل روزگار کے سلسلہ میں شہر منتقل ہوا اور ترکاری فروخت کرتا تھا اور شاہ پور نگر کے علاقہ میں رہتا تھا۔ ویرا بھدرا ٹی اسٹال چلاتا تھا اور دونوں نے منصوبہ بناتے ہوئے مغربی گوداوری سے ترکاری منتقل کررہے تھے ان کی پہچان راجو سے ہوئی جو گانجہ سپلائی کرتا تھا۔ 2 لاکھ 70 ہزار روپئے میں حشیش کا تیل خرید کر 4 لاکھ روپئے میں فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے 15 لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔