حصول اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک جانے والے طلبہ میں غیر معمولی اضافہ

   


عارضی ملازمت کرنے والوں کی داخلوں کے لیے درخواستیں ، آئندہ سال مزید اضافہ متوقع
حیدرآباد۔19۔ستمبر(سیاست نیوز) کورونا وائرس کے بعد بیرون ملک تعلیم کے حصول کی کوشش کرنے والے طلبہ کی تعداد بحال ہوچکی ہے اور وہ دنیا کے مختلف ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے روانہ ہونے کے لئے درخواستیں داخل کرنے لگے ہیں ۔ 2020میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن اور دنیا بھر میں سفری تحدیدات کے سبب پیدا شدہ صورتحال کے بعد سال 2019 میں داخلہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کی درخواستیں زیر التواء تھیں جو کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران نہ کے برابر ہوچکی تھیں لیکن اب دوبارہ سابق کی طرح جامعات کو درخواستیں موصول ہونے لگی ہیں۔ گذشتہ دنوں منظرعام پر آئی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہواتھا کہ امریکہ میں تعلیم کے حصول کے لئے روانہ ہونے والے طلبہ کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندستان سے دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص امریکہ ‘ برطانیہ ‘ نیو زی لینڈ ‘ آسٹریلیاء ‘ کینیڈا کی جامعات میں بھی درخواستیں داخل کرنے والوں کی تعداد 2019 میں موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد کے مماثل ہوچکی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ہندستان کی مختلف ریاستوں بالخصوص جنوبی ہند کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی بڑی تعداد آئندہ تعلیمی سال کے دوران بھی اعلیٰ تعلیم کے لئے بیرون ملک روانہ ہوگی ۔بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے رجحان میں اضافہ 2015 سے دیکھا جانے لگاتھا لیکن 2019 تک یہ اضافہ عروج پر پہنچ چکا تھا اور کورونا وائرس و سفری تحدیدات کے نتیجہ میں بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے روانہ ہونے والوں کی تعداد میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی لیکن اب یہ تعداد بحال ہونے کے بعد کہا جا رہاہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے روانہ ہونے والوں کی تعداد میں آئندہ برس بھی زبردست اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ گذشتہ دو برسوں کے دوران دیگر کورسس میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے اپنا سلسلہ تعلیم جاری رکھنے والے یا عارضی ملازمت کرنے والوں کی جانب سے نئے داخلوں کیلئے درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والے طلبہ امریکہ ‘ کینیڈا کے علاوہ آسٹریلیاء کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ شمالی ہند کے طلبہ جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں وہ نیوزی لینڈ اور برطانیہ میں اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔م