محمد عامر نظامی
ایمان کا تقاضہ یہی ہے کہ جس سے حضور اکرم ﷺ نے محبت کی ہم بھی اس سے محبت کریں ، حضور اکرم ﷺ نے اپنے اہل بیت سے بے انتہاء محبت کی اور اپنی امت کو اہل بیت سے محبت کرنے کی تعلیم بھی دی ہے۔ حضرت ابو بکر صدیقؓ فرماتے ہیں ’’تم اہل بیت میں حضور ﷺ کو تلاش کرو‘‘۔ حضرت امام زین العابدین ؓ کے پوتے اور حضرت امام محمد باقرؓ کے بیٹے حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ اہل بیت کی آنکھوں کے تارے ہیں۔ آپؓ کی ولادت ۱۷ ربیع الاول ۸۳ہجری پیر کے دن مدینہ منورہ میں ہوئی ، آپؓ کی کنیت ابو عبد اللہ اور صادق آپؓ کا لقب ہے۔ آپؓ کی والدہ محترمہ حضرت سیدتنا اُم فروہ ؓ امیر المومنین حضرت ابوبکر صدیق ؓکی پوتی ہیں،چنانچہ آپؓ والدہ کی طرف سے صدیقی اور والد کی طرف سے علوی و فاطمی ہے۔ حضرت صدیقؓ کی صداقت اور مولا علیؓ کی شجاعت یہ دونو ں رنگ آپؓ کی شخصیت میں پائے جاتے ہیں۔ آپؓ کی نورانیت اور روحانیت کا یہ حال تھا کہ حضرت عمرو بن مقدار ؒ فرماتے ہیں: میں جب بھی آپؓ کو د یکھتا ہوں تو پہچان لیتا ہوں کہ یہ انبیائے کرام علیھم السلام کی اولاد میں سے ہیں۔ آپ ؓ بچپن سے ہی خوف خدا رکھتے تھے۔ حضرت داؤد طائی ؒنے آپؓ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کی: آپؓ چونکہ اہل بیت میں سے ہیں لہذا مجھے کچھ نصیحت فرمائیں،یہ سن کر آپؓ نے فرمایا:مجھے تو خود یہ خوف لاحِق ہے کہ کہیں قیامت کے دن میرے جد اعلیٰ (حضور اکرمﷺ) میرا ہاتھ پکڑکر یہ نہ پوچھ لیں کہ تونے خود میری پیروی کیوں نہیں کی؟ کیونکہ نجات کا تعلق نسب سے نہیں بلکہ اعمال صالحہ پرموقوف ہے۔