بزم رحمت عالم کا جلسہ ’’ پیغام کربلا‘‘ مولانا شمیم الزماں اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد /11 ستمبر ( پریس نوٹ ) حضرت سیدنا امام حسینؓ میدان کربلا میں بے مثال قربانی پیش کرکے قیامت تک کیلئے اسلام کو بلند کردیا اور یہ عظیم قربانی اہل ایمان کیلئے تاقیامت زندہ مثال ہے ۔ حضرت سیدنا امام حسینؓ چاہتے تو جان بچاسکتے تھے لیکن مقصد صرف جان بچانے ہی کا نہ تھا ۔ اسلام کی قدروں کی حفاظت مقصد تھا جو جان بچانے سے نہیں بلکہ جان دینے سے حاصل ہوسکتا تھا ۔ اس لئے حضرت سیدنا امام حسینؓ نے اپنی جان کی پرواہ نہ کی دنیا کی نظروں میں حضرت امام حسینؓ نے سب کچھ لٹا دیا لیکن خدا کی نظر میں حضرت سیدنا امام حسینؓ نے سب کچھ پایا ، اسی کا نام حسینیت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کولکتہ سے تشریف لائے مہمان مقرر مولانا شمیم الزماں قادری نے کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام منعقدہ چودہواں سالانہ مرکزی جلسہ پیغام کربلا سے کیا جو عیدی بازار ، بندناکہ روبرو جامع مسجد زعل سیف سعید پر منعقد کیا گیا ۔ جلسہ کی صدارت سینئیر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ جناب ایم اے مجیب صدر بزم رحمت عالم نے کی ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری محمد احمد علی قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ اسد اللہ شریف نقشبندی محمد صہیب الدین حافظ سید آصف انواری اور محمد عبدالرزاق نے نعت شریف پیش کی ۔ مفتی صلاح الدین نظامی اور حافظ مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی قادری نے کہا کہ اہل بیت اطہار سے محبت کرنا نہ صرف ایمان ہے بلکہ ایمان کی عظمت کی نشانی ہے جو آل رسول ﷺ سے محبت و عقیدت رکھتے ہیں ان کو بارگاہ خداوندی میں اجر ملے گا وہ شہادت اور ایمان کی موت پائے گا ۔ شہ نشین پر مولانا سید شاہ محمود اسد اللہ صدیقی ، مولانا وسیم احمد قادری حافظ جہانگیر قادری ، مولانا امجد قادری اور دیگر موجود تھے ۔ محمد مصطفی خان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ آخر میں مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ اور کامیابی و کامرانی کیلئے رقت انگیز دعاء کی گئی ۔
