حضرت امام حسینؓ کی نماز اور جہاد کے حسین امتزاج کی پیروی پر کامیابی یقینی

   

مسجد اختری میں دین پناہ است حسین کانفرنس
مولانا شمیم الزماں ، مولانا سید متین علی شاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( پریس نوٹ) : حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی بقاء کے لیے سب کچھ قربان کردیا ۔ صبر و استقامت ، زہد و تقویٰ کی ایسی مثال قائم کی جس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی ۔ حضرت امام حسینؓ نے حق و باطل کا فرق واضح کیا اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا ۔ آپ ؓ کی عظیم قربانی قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتے رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی الحاج محمد شمیم الزماں قادری ( کولکتہ ) نے 10 محرم بروز منگل بعد ظہر مسجد اختری محلہ دلاور شاہ نگر قلعہ گولکنڈہ میں منعقدہ سالانہ دین پناہ است حسین ؓ کانفرنس کے موقع پر کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری ( صدر کل ہند سنی علماء و صوفیہ بورڈ ) نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ۔ آپؓ نے اپنی اور اپنے اہل و عیال و اصحاب کی قربانی پیش کر کے اسلام کو زندہ کردیا ۔ حضرت امام حسینؓ نے جہاد اور نماز کا ایسا حسین امتزاج قائم کیا جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ۔ مسلمان اس کی پیروی کر کے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ مولانا متین علی شاہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اہل بیت اطہار کی سیرت کا مطالعہ کریں ۔ کانفرنس کا آغاز قاری سید فیضان علی شاہ قادری اور قاری سید دلاور علی شاہ قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب فیاض علی سکندر ، قاری محمد معز الدین فراز قادری ، قاری سید نور محمد شاہ قادری ، قاری غلام محمد عامری ، جناب زعیم زومرہ ، قاری سید نور احمد شاہ قادری نے نعت شریف و منقبت سنائی ۔ قاری و حافظ شیخ طاہر قادری عامری نے دعا عاشورا پڑھائی ۔ اس موقع پر مولانا الحاج سید رفعت نقشبندی قادری ، قاری سید قمر الدین قادری الملتانی ، جنب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ و صدر کل ہند بزم رحمت عالم کمیٹی نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر الحاج افسر علی خاں ، قاری محمد سلمان احمد قادری ، نصر اللہ خان ، رضوان شیخ اعجاز اور دوسروں نے انتظامات میں حصہ لیا ۔ قاری معز الدین فراز قادری نے سلام بحضور خیر الانامؐ اور سید الشھدا پیش کیا ۔ آخر میں دعائے سلامتی کے بعد کنوینر کانفرنس عبدالسعید خان کے شکریہ پر اختتام عمل میں آیا ۔۔