حضرت جہانگیر پیراںؒ کی عرس تقاریب کا آج سے آغاز

   

شادنگر 18 / جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست کی مشہور و معروف بارگاہ روح دکن حضرت سیدنا جہانگیر پیران ؒ کے سہ روزہ عرس تقاریب کا 19 جنوری بروز جمعرات بعد نماز عصر احاطہ درگاہ شریف میں واقع نیاز خانہ میں بعد نماز عصر صندل مالی تقریب کا آغاز عمل میں لایا جائے گا۔صندل مالی تقریب کا آغاز قرات کلام پاک۔ قصیدہ بردہ شریف و محفل سماع ہو گا۔ بعد محفل سماع صندل مالی جلوس نیاز خانہ سے روانہ ہوکر قبل از مغرب درگاہ شریف پہنچ جائے گا۔ مراسم صندل مالی کی رسم بدست ریاستی وقف بورڈ چیئرمین جناب مسیح اللہ خان کی جانب سے انجام دہی کے ساتھ ہی سہ روزہ عرس تقاریب کا آغاز عمل میں آئے گا۔ سہ روزہ عرس و مراسم صندل مبارک تقریب میں رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے اس کے علاوہ دیگر مقامی سیاسی قائدین سہ روزہ عرس تقاریب میں شرکت کریں گے۔ بعد نماز مغرب تناول طعام خاص و عام رہے گا۔ بعد نماز عشاء نعتیہ مشاعرہ و قوالی کا اہتمام ہوگا۔20 / جنوری بروز جمعہ بعد نماز مغرب محفل چراغاں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ بعد نماز مغرب تناول طعام برائے خاص و عام ہوگا۔بعد نماز عشاء￿ عظیم الشان جلسہ فیضان اولیاء بعد جلسہ قوالی پروگرام کا اہتمام ہوگا۔ 21 / جنوری بروز ہفتہ بعد نماز فجر ختم قرآن مجید و فاتحہ خوانی کے ساتھ ہی تقسیم و تبرکات کیا جائے گا۔ اس روزہ عرس تقاریب کے سلسلہ میں شادنگر اے سی پی کشالکر پولیس کا معقول بندوبست کر رہے ہیں۔