حضرت عبیدالمصطفیٰ محمد بشیر احمد قادریؒ

   

مولانا شاہ محمد جعفر محی الدین حسینی قادری
پروردگار عالم نے کلام حکیم کی متعدد آیات جلیلہ میں اپنے نیک برگزیدہ اور صالح و متقی بندوں کی تعریف و توصیف فرما کر انہیں جنت کی بشارت سے شادفرمایا ہے۔ حبیب مکرم عليه الصلاة والسلام نے اپنے ارشادات طیبات میں صالحین کے ذکر کو گناہوں کا کفارہ قرار دیا ہے اور اپنی اُمت کو انکی صحبت با برکت اختیار کرنے کا حکم فرمایا ہے ہمارے اکابرین و سلف صالحین کی ساری حیات اتباع قرآن و سنت اور اعمال حسنہ سے عبادت رہی ہے۔ اولیاء و صوفیائے حیدر آباد کی فہرست میں ایک روشن نام عاشق حبیب کبریاو فدائے غوث الورى قدوۃ السالكين خلیفہ حضور مفتی اعظم ہند حضرت مولانا عبیدالمصطفیٰ ذاکر الشاہ محمد بشیر احمد قادری رضوی نوری رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کا بھی ہے۔ آپؒ کی ساری زندگی عشق مصطفیٰ ﷺکی آئینہ دار تھی، اتباع سنت و شریعت، زہد و تقوی، عبادت و ریاضت، احترام اہلبیت و سادات کرام ، بزرگوں سے عقیدت واُلفت، امر بالمعروف و نہی عن المنكر ، تواضع، بے نیازی، اخفائے حال میں آپ کی ذات گرامی بڑی بے مثال تھی۔ آپ کی ولادت باسعادت ۲۵ محرم الحرام ۱۳۳۸؁ ھ م ۱۰ اکتوبر ۱۹۱۹ ء؁ بروز یکشنبہ بمقام حیدر آباد ہوئی۔۵ ؍ محرم الحرام ۱۴۱۰؁ھ م ۸ اگست ۱۹۸۹؁ء شب چہار شنبہ جب موذن حی علی الفلاح پڑھ رہا تھا وصال فرمایا۔ ہر سال آپ کا عرس شریف ۵ ؍ محرم الحرام کو بڑی عقیدت و محبت کے ساتھ منعقد کیا جاتا ہے۔