حضرت عبید المصطفیٰ علیہ الرحمہ

   

مولانا سید شاہ محمد جعفر محی الدین حسینی
زبدۃ العارفین خلیفہ حضور مفتی اعظم ہند حضرت مولانا عبید المصطفیٰؒ کا نام محمد بشیر احمد اور عبید المصطفیٰ لقب تھا۔ آپ کی ولادت با سعادت ۲۵ محرم الحرام ۳۳۸ ا ؁ ہجری م ۱۰ اکتوبر ۱۹۱۹ء؁ بروز یکشنبہ بمقام حیدر آباد ہوئی ۔ آپ کے والد جناب شیخ محمد اسحاق ابن شیخ جان محمد فوج کے ایک معز ز عہدیدار تھے ۔اپنے وقت کے مشاہیر اساتذہ و علماء کے علاوہ حضرت علامہ مفتی محمد امانت رسول قادری ؒسے تعلیم وتربیت حاصل کی۔ علوم مروجہ کی تحصیل کے بعد محکمہ حیوانات میں وٹرینری ڈاکٹر کی حیثیت سے ملازمت کا آغاز کیا۔ ہندوستان کے مختلف اضلاع میں اپنی اعلی قابلیت و عمدہ کارکردگی سے خوب نام کمایا۔ وصال سے چند سال قبل شہر حیدر آباد میں مستقل رہائش اختیار کی اور وظیفہ حسن پر سبکدوش ہوئے۔ آپ ایک سچے عاشق رسول متبع سنت مصطفی ، جامع شریعت و طریقت متقی، پرہیز گار، شب زندہ دار، بدعات و منکرات شرعیہ سے دور، متوکل قائع ، عابد وزاہد، ذاکر و شاغل خلیق مشفق عارف کامل و درویش واصل تھے ۔ سینہ عشق مصطفی ﷺ اور محبت اہلبیت اطہار سے لبریز تھا۔ دلائل الخیرات کے حافظ تھے روزآنہ پابندی سے تلاوت فرماتے تھے۔ سادات کرام کا ادب اور اُن سے محبت آپؒ کی حیات کالازمی عنصر تھا۔شہزادہ اعلیٰ حضرت علامہ شاہ محمد مصطفی رضا خان قادری برکاتی نوری قدس سرہ کے آپ مرید و خلیفہ تھے ۔ ۵ محرم الحرام ۴۱۰ ۱ ؁ ہجری اذان مغرب کے ساتھ داعی اجل کو لبیک کہااور حضرت سید احمد باد پاؒکی درگاہ شریف سے ملحق مسجد کے جنوبی حصہ میں تدفین عمل میں آئی۔