حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد 11اپریل (پریس نوٹ) خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے، شہادت امیر المومنین حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم رضہ کے حوالے گفتگو کے دوران بتلایا کہ بارگاہِ رسالت میں حاصل مقام مرتبہ ہی سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم رضہ کی اِیمانی فضیلت اور ذاتِ مصطفی ﷺ سے غیر معمولی وابستگی کی دلیل ہے۔ آپ وہ عظیم الصفات شخصیت ہیں کہ آپ کی ذات میں شرفِ صحابیت کے ساتھ ساتھ شرفِ اَہلِ بیت بھی جمع کر دیا گیا۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم رضہ کی پرورش و تربیت چونکہ خود معلّم انسانیت اور مربی کائنات ﷺ نے فرمائی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ آپ قبول اسلام سے قبل بھی زمانہ جاہلیت کی آلائشوں، آلودگیوں اور بت پرستی کی نجاستوں سے دور رہے۔ آپ ان شخصیات میں سے ہیں کہ جنہوں نے قبول حق میں ایک لمحہ بھی تامّل نہ کیا اور صرف آٹھ یا دس سال کی عمر میں سب سے پہلے قبولِ اسلام اور آقا ﷺ کی معیت میں نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔اُم المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ کو سب سے زیادہ محبوب سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا رضہ تھیں اور مردوں میں محبوب تر ان کے شوہر حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم رضہ تھے۔‘‘ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا ہی بیان فرماتی ہیں کہ حضور ﷺ نے فرمایا: ’’میں تمام اولادِ آدم کا سردار ہوں اور علی تمام عرب کا سردار ہے۔‘‘ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم آفتابِ اہلِ بیت اطہار اور شارح قرآن و حدیث تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی ساری زندگی محبت، امن، اخوت اور اجتماعیت کے درس میں گزری۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ آپ کی جرأت و شجاعت اور ایمان افروز واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ڈاکٹر عاصم ریشماں نے کہا کہ آپ رضی اللہ عنہ نے زندگی کے آخری سانس تک اصحاب رسول ﷺ اور امت محمدیہ کو فتنوں اور تفرقوں سے بچائے رکھا، آپ کے اقوال اور ارشادات قیامت تک علم و عرفان کے متلاشیوں کے قلوب و اذہان کو طمانیت بخشتے رہیں گے۔