حیدرآباد ۔ ہمایوں نگر پولیس نے شان رسالت ؐمیں گستاخی کرنے والے سوامی نرسنگھانند سرسوتی کے خلاف اشتعال پیدا کرنے کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ حلقہ نامپلی کے مجلسی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر شیوا ماروتی سے ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ داسنادیوی مندر واقع غازی آباد کے مہنت سوامی نرسنگھانند سرسوتی نے پریس کلب آف انڈیا نئی دہلی میں شان رسالتؐ میں گستاخی کی اور قابل اعتراض بیان کیا ۔ شکایت میں یہ بتایا گیا کہ گستاخ نرسنگھانند کے اس بیان سے مسلمانوں کی دلآزاری ہوئی ہے اور اس سلسلہ میں سخت کارروائی کی جائے ۔ پولیس ہمایوں نگر نے رکن اسمبلی کی شکایت موصول ہونے پر تعزیرات ہند کی دفعات 153A اور 295A کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ واضح رہے کہ ملعون سوامی نرسنگھانند سرسوتی نے پریس کلب آف انڈیا نئی دہلی میں ایک پروگرام کے دوران شان رسالتؐ میں گستاخی کی اور یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا ۔ اس سلسلہ میں دہلی پولیس نے بھی گستاخ کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کیا ہے ۔