الیکشن کمیشن کو کانگریس کا مکتوب، ووٹنگ مشینوں کی جانچ میں دھاندلیوں کی شکایت
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حضورآباد میں آزادانہ و منصفانہ انتخابات کیلئے ضلع کلکٹر کا فوری تبادلہ کرنے کی اپیل کی۔ کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن جو پردیش کانگریس کے نائب صدر بھی ہیں چیف الیکشن کمشنر کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے الیکشن کمشنر کی جانب سے شیڈول کی اجرائی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کانگریس نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکٹورل آفیسر سے ایف ایل سی کے انعقاد میں مبینہ دھاندلیوں کی پہلے ہی شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے چیف الیکٹورل آفیسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کو یہ نمائندگی روانہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق نئے نوڈل آفیسر کی نگرانی میں ای وی ایم مشینوں کی جانچ کا کام کیا جانا چاہیئے۔ ضلع کلکٹر نے مخصوص قائدین کی موجودگی میں ای وی ایم مشینوں کی جانچ کا کام مکمل کرلیا۔ کانگریس پارٹی کو آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کے انعقاد پر شبہات پائے جاتے ہیں۔ برسراقتدار پارٹی اور حکومت رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے ہزاروں کروڑ روپئے کی اسکیمات کا اعلان کررہی ہیں۔ کانگریس نے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ضلع کلکٹر کے تبادلہ کی خواہش کی تاکہ آزادانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔ موجودہ ضلع کلکٹر اور عہدیداروں کی موجودگی میں آزادانہ رائے دہی ممکن نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے ای وی ایم مشینوں کی دوبارہ جانچ اور وی وی پیاڈس کے سلسلہ میں کمیشن کے قواعد پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ر