حضورآباد میں ٹی آر ایس کا پرچم بلند ہوگا : ہریش راؤ

   

ایٹالہ راجندر نے دہلی بی جے پی قائدین کے پاس اپنی عزت نفس کو گروی رکھ دیا
حیدرآباد۔/28 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے حضورآباد میں ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ترقی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری چاہتے ہیں ۔ بی جے پی کے جذباتی ڈائیلاگ کو رائے دہندے 30 اکٹوبر کو مسترد کردیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ حضورآباد پر 2001 سے ٹی آر ایس کا قبضہ ہے۔ تمام زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی حلقوں پر ٹی آر ایس کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جو بھی انتخاب ہوا ہے ٹی آر ایس کا پرچم بلند ہوا ہے اور اس ضمنی انتخاب میں بھی ٹی آر ایس امیدوار جی سرینواس یادو کامیاب ہوں گے۔ ہریش راؤ نے ایٹالہ راجندر کی جانب سے عزت نفس کی بات کرنے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عزت نفس کا لفظ استعمال استعمال کرنے کا ایٹالہ راجندر کو اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ دلتوں کے مختص کردہ اراضیات پر قبضہ کرتے ہوئے وہ اس لفظ کا استعمال کرنے سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزت نفس کو ایٹالہ راجندر نے دہلی میں بی جے پی کے قائدین کے پاس رہن رکھ دیا ہے۔ چھ مرتبہ کامیابی حاصل کرنے کے باوجود ایٹالہ راجندر نے حضورآباد کیلئے منظورہ 4 ہزار ڈبل بیڈ مکانات میں سے ایک مکان بھی تعمیر نہیں کروایا اور نہ ہی خاتون تنظیموں کیلئے کوئی بھون تعمیر کروایا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنی انتخابی مہم میں ترقی اور فلاحی اسکیمات کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔ پکوان گیس، پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو موضوع بحث بنایا ہے۔30 اکٹوبر کو رائے دہی کے اختتام کے بعد پکوان گیس پر مزید 200 روپئے کا اضافہ کردیا جائے گا جبکہ بی جے پی نے مذہبی استحصال، شر انگیزی، ڈرامے اور سازش کے ساتھ جھوٹ کو ہی موضوع بحث بنایا۔ بی جے پی انتخابی مہم کے دوران مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کے اختیارات کا بیجا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ضمنی انتخاب میں مرکزی فورسیس کی 20 پلاٹونس 2000 پولیس ملازمین کی خدمات سے استفادہ نہیں کیا گیا مگر حضورآباد میں کیا جارہا ہے۔ عوام میں ڈر و خوف پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے جلسہ عام میں رکاوٹ پیدا کی گئی باوجود اس کے ٹی آر ایس کامیاب ہوگی اور بی جے پی کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ن