توقع سے زیادہ عوام نے شرکت کی، ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں شدت
حیدرآباد ۔ 17 اگست (سیاست نیوز) حضورآباد میں چیف منسٹر کے سی آر کے کامیاب جلسہ عام کے بعد ٹی آر ایس کے حلقوں میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ کل منعقدہ جلسہ عام میں توقع سے زیادہ عوام نے شرکت کی ہے۔ ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، گنگولہ کملاکر راؤ، کے ایشور جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے زبردست بارش ہونے کے باوجود عوام بھاری تعداد میں جلسہ عام میں شریک ہوئے۔ جلسہ عام کے مقام پر پانی بھر گیا تھا۔ محکمہ عمارت و شوارع کے عہدیداروں نے جنگی خطوط پر کام کرتے ہوئے نہ صرف پانی کی نکاسی کی بلکہ مرمتی کام انجام دیئے۔ ایٹالہ راجندر کی وزارت سے برطرفی کے بعد ہی ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی حضورآباد میں سرگرم ہوگئی۔ کانگریس۔ بی جے پی اور تلگودیشم پارٹی کے اہم قائدین کو حکمران جماعت میں شامل کرتے ہوئے پہلے اپوزیشن کی کوششوں کو دھکا پہنچایا پھر آہستہ آہستہ وزرا اور پارٹی کے قائدین کو روزانہ حضورآباد کو روانہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے کارکنوں کو پارٹی میں بنائے رکھنے کی کوشش کی پھر 17 اگست سے ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دلت بندھو پروگرام کے آغاز اور چیف منسٹر کے جلسہ عام کی کامیابی کے بعد ٹی آر ایس قائدین کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔ سب سے پہلے اس حلقہ کے لئے بی آر ایس نے ہی سرکاری طور پر اپنے امیدوار کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی سے ایٹالہ راجندر مقابلہ کریں گے یا ان کی شریک حیات ابھی اس کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ کانگریس پارٹی سابق وزیر کنڈہ سریکھا کو امیدوار بنائیں گے۔ N
