حضورآباد کیلئے کانگریس امیدوار کا اندرون 2 یوم اعلان : ریونت ریڈی

   

کونڈہ سریکھا سے قائدین کی مشاورت، بھوپال پلی کے سرکردہ قائد کی آج کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حضورآباد ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور آئندہ دو دنوں میں امیدوار کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بتایا کہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی قیادت میں کمیٹی امیدواروں کے نام پر غور کرے گی۔ جن افراد نے درخواستیں داخل کی ہیں ان سے بات چیت کی جائے گی اور موزوں امیدوار کے نام کی ہائی کمان سے سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک مضبوط امیدوار کو میدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر حضورآباد کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان مقابلہ کی پیش قیاسی کی جارہی ہے حالانکہ کانگریس حلقہ میں اپنا مستحکم موقف رکھتی ہے۔ امیدوار کے اعلان کے بعد مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حضورآباد کیلئے 19 قائدین نے درخواستیں پیش کی ہیں۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا نے سابق وزیر کونڈہ سریکھا سے امیدواری کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ پارٹی کے سینئر قائدین انتخابات میں بہتر مظاہرہ کیلئے کونڈہ سریکھا کی امیدواری کے حق میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے مقابلہ کیلئے بعض شرائط رکھی ہیں۔ کونڈہ سریکھا کے انکار کی صورت میں دو امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جاسکتا ہے۔ اسی دوران بھوپال پلی ضلع میں بااثر عوامی قائد جی ست نارائنا 30 ستمبر کو کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ وہ گزشتہ دو اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر رہے۔ جی ست نارائنا کی کانگریس میں شمولیت سے بھوپال پلی کے علاوہ ورنگل میں کانگریس کا موقف مستحکم ہوسکتا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر اہم قائدین شمولیت کے جلسہ عام میں شرکت کررہے ہیں۔ اسی دوران محبوب نگر کے سابق رکن اسمبلی ایرا شیکھر اور میدک کے سابق رکن اسمبلی ششی دھر ریڈی کی عنقریب کانگریس میں شمولیت کا امکان ہے۔ ر