حضورآباد کیلئے کانگریس امیدوار کے انتخاب کی سرگرمیاں تیز

   

19 درخواستیں موصول، عنقریب ہائی کمان کو رپورٹ
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد ضمنی چناؤ کے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی کانگریس پارٹی نے امیدوار کے انتخاب کی سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ امیدوار کے انتخاب کیلئے سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس نے پارٹی کے سینئر قائدین اور خاص طور پر کریم نگر اور ہنمکنڈہ ضلع کانگریس صدور سے مشاورت کے بعد درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ امیدواری کیلئے 19 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا سے مشاورت کے بعد پردیش کانگریس کمیٹی کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کو پیش نظر رکھتے ہوئے کمیٹی 4 ناموں کی سفارش کرسکتی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی اپنی سفارشات جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور کو حوالے کرے گی اور قطعی فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ بھوپال پلی میں کانگریس کے جلسہ عام کے بعد امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی حضورآباد کیلئے سابق وزیر کونڈہ سریکھا کی امیدواری کے حق میں ہیں تاہم بعض قائدین کی جانب سے مخالفت کے بعد درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی کے اہم قائدین پُرامید ہیں کہ ہائی کمان کونڈہ سریکھا کے نام کو منظوری دے گا۔ر